ساف کراس کنٹری ریس 24نومبر کو فاطمہ جناح پارک F/9 میں منعقد ہو گی


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)روڈن انکلیو ہائوسنگ سوسائٹی 24نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی سائوتھ ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن (ساف) کراس کنٹری ریس کی مرکزی سپانسر بن گئی، اس ضمن میں ساف اور روڈن انکلیو کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، روڈن انکلیو ہائوسنگ سوسائٹی کی جانب سے کنٹری ہیڈ ملک اسد عباس اور ساف کی جانب سے اسلام آباد اتھلیٹک ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور انتظامی کمیٹی کے سربراہ بریگیڈیئر (ر) سلطان محمود سید نے معاہدے پر دستخط کئے۔
سابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) احسان الحق نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں روڈن انکلیو کے آنر آف لینڈ ڈائریکٹر عثمان قریشی ، چیف آپریٹنگ آفیسر سردار ریاض شریف اور ڈائریکٹر محمد راشد نے بھی شرکت کی، ساف کراس کنٹری ریس 24نومبر کو فاطمہ جناح پارک F/9 میں منعقد ہو گی جس میں دو کٹیگریز کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے والی کراس کنٹری ریس میں میزبان پاکستان کے علاوہ بھارت، سری لنکا، نیپال ، بھوٹان، بنگلہ دیش ، مالدیپ اور افغانستان کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
روڈن سوسائٹی کی جانب سے اس موقع پر پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ شجر عباس کو ایک لاکھ روپے جبکہ ان کے کوچ محمد سجاد کو 50 ہزار روپے انعام دیا گیا ، ان مقابلوں میں شرکت کرنے والے ممالک میں سے سب سے بڑا دستہ بھارت کا ہو گا جس کی تعداد 15 ہے جبکہ سری لنکا کے 10کھلاڑی حصہ لیں گے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روڈن انکلیو کے کنٹری ہیڈ ملک اسد عباس نے کہا کہ ہم اپنی سوسائٹی میں کھیلوں کیلئے ایک عالمی معیار کا سٹیڈیم بنائیں گے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے، کھلاڑی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں اور پاکستان کے امیج کو دنیا بھر میں بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل حاصل کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ایک گولڈ میڈل کی وجہ سے پاکستان 62ویں نمبر پر تھا جبکہ بھارت نے 5 میڈل جیتے لیکن گولڈ میڈل نہ ہونے کی وجہ سے وہ پاکستان سے نیچے تھا، پاکستان میں جہاں بھی کھیلوں کا ٹیلنٹ ہو گا ہم اس کی بھرپور پذیرائی کریں گے، انہوں نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ اپنی سوسائٹی میں ایک اتھلیٹ ٹریک بھی بنائیں گے اس کیلئے اتھلیٹک فیڈریشن آف پاکستان کو ہماری تکنیکی معاونت کرنی پڑے گی۔ اس تقریب میں سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، اتھلیٹک فیڈریشن آف پاکستان کے صدر محمد اکرم ساہی ، بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر زمرد خان، کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ ویٹ لفٹر نوح دستگیر ، سابق سکواش کے عالمی چیمپین قمر زمان، معروف کوہ پیما ساجد سدپارہ کے علاوہ راولپنڈی اسلام آباد سے کھیلوں سے متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔