پاکستان کی جانب سے اب تک کامیابی سے مکمل کیا گیا سب سے بڑا ہدف قبل ازیں آسٹریلیا کے خلاف 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا

کراچی:پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے میچ میں تاریخ ساز شکست دے کر تین ملکی سیریز کے فائنل میںجگہ بنالی ہے. میچ کی خاص بات کپتان اور نائب کپتان شاندار سنچریاں تھیں. رضوان اور سلمان نےکئی ریکارڈ بنادیے.یہ پاکستان کی جانب سے اب تک کامیابی سے مکمل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے، ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں پاکستان نے کبھی اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا تھا۔اس سے قبل پاکستان نے 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
352 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم نے محتاط انداز میں اننگ کا آغاز کیا۔پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 57 کے مجموعی اسکور پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے سعود شکیل بھی 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان 41 رنز پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 91 تھا جس کے بعد محمد رضوان اور سلمان آغا نے شاندار پارٹنرشپ قائم کی اور دونوں نے سنچریاں بنا کر ٹیم کو فتح دلوادی۔سلمان آغا 103 گیندوں پر 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان محمد رضوان 122 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے کوربن بوش نے ایک اور ویان ملڈر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلےگئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلےکھیلتے ہوئے پاکستان کو 353 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 اوور میں پورا کرلیا۔مہمان ٹیم کے کپتان کپتان ٹمبا باووما نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔مہمان ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئےمقررہ 50 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔جنوبی افریقا کی جانب سے ہینرک کلاسن نے 87 رنزکی شاندار اننگز کھیلی، ان کی 56 گیندوں پر مشتمل اننگ میں 3 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ان کے علاو میتھو بریٹزکی نے 83 اور کپتان ٹمبا باووما نے 82 رنز بنائے، کائیل ورینے 44 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ٹونی ڈی زورزی نے 22 اور ویان مولڈر نے 2 رنز بنائے،کوربن بوش 15 رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کی، خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔
سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے اس میچ میں نئی تاریخ رقم کی، سلمان آغا 103 گیندوں پر 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان محمد رضوان 122 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ 2 مڈل آرڈر بیٹرز نے ایک اننگز میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔پاکستان نے جنوبی افریقا کیخلاف سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ بنا دیا.مجموعی طور پر پاکستان کی جانب سے ون ڈے کی اننگز میں 2 سنچریاں 27 ویں بار بنائی گئی ہیں۔
سلمان آغا اور محمد رضوان نے پاکستان کی جانب سے چوتھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی بنائی ہے۔اس سے قبل شعیب ملک اور محمد یوسف نے 2009 میں چوتھی وکٹ پر 206 رنز کی شراکت بنائی تھی.سلمان آغا اور محمد رضوان نے چوتھی وکٹ پر 260 رنز کی شراکت بنائی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کا فائنل 14 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔


