
اسلام آباد … وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ممتاز احمد تارڑ او ر وزیر مملکت برائے انسانی حقوق بیرسٹر عثمان ابراہیم سے یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر جین فرانکوس نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں ملک میں انسانی حقوق کے حالات، انسانی حقوق کےلئے ایکشن پلان، جی ایس پی پلس اور دیگر قانون سازی کے اقدامات کے علاوہ یورپی یونین کے منصوبے اور پاکستان میں انسانی حقوق کی ترقی کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ممتاز احمد تارڑ نے کہا کہ وزارت نے ضلعی انسانی حقوق کمیٹیوں کو ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال کی نگرانی کےلئے تیار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کےلئے ایکشن پلان جس کی 13 فروری 2016ءکو وزیراعظم کی طرف سے منظوری دی گئی ہے، لاگو کیا گیا ہے اور قومی ٹاسک فورس (این ٹی ٹی) اور صوبائی ٹاسک فورسز (پی ٹی ایف) بھی ایکشن کے عمل کو دیکھنے کےلئے قائم کیا گیا ہے۔ ممتاز احمد تارڑ نے بتایا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بچاو کےلئے مدد لائن”1099“ کے عنوان سے ایک منصوبا بھی شروع کیا گیا ہے اور چار ہزار شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزارت انسانی حقوق نے انسانی تعلیم اور حساسیت پر عوامی آگاہی مہم شروع کی ہے۔



