غز ہ میں بچوں کا قتل اسرائیلیوں کا شوق ہے ،سابق فوجی عہدیدار کا انکشاف

اسلام آباد:اسرائیلی فوج کے ایک سابق اہم عہدیدارنے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت غزہ میں بچوں کو شوقیہ قتل کررہی ہے۔اسرائیلی فوج کے سابق ڈپٹی چیف آف اسٹاف اور اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائرگولن غزہ میں نہتے شہریوں اور بچوں کے قتل عام پر پھٹ پڑے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائرگولن نے حال ہی میں کی گئی پریس کانفرنس میں اسرائیلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اسرائیل بچوں کو شوقیہ قتل کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سمجھدار ملک عام شہریوں کے خلاف جنگ نہیں کرتا، بچوں کو تفریح کے طور پر قتل کرنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
دوسری جانب ایک انٹرویو میں ریٹائرڈ اسرائیلی جنرل نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری فوجی حملوں پر بھی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ 10 ہزار فلسطینیوں کی ہلاکت اور ہزاروں فلسطینیوں کو بے گھر کردینے جیسے اقدامات اسرائیل کو دنیا کی نظر میں عالمی سطح پر ایک الگ تھلگ ریاست بناسکتے ہیں۔