امیر کی اجازت کے بغیر مختلف گروہوں میں شامل ہو کر پاکستان سمیت بیرون ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں،سعیداللہ سعید
کابل:افغان طالبان کے کمانڈر سعیداللہ سعید نے کہا ہے کہ امیر کی اجازت کے بغیر جہاد جائز نہیں ہے ،جہاد کا اعلان یا اجازت دینا صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈر سعیداللہ سعید نے اپنے خطاب میں فتنتہ الخوارج کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ امیر کے حکم کے خلاف کسی بھی ملک خصوصا پاکستان میں لڑنا جائز نہیں، مختلف گروہوں میں شامل ہو کر بیرون ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں۔کمانڈر سعیداللہ سعید نے کہا کہ ایک جگہ سے دوسری جگہ حملے کرنے والے افراد کو مجاہد کہنا غلط ہے، جہاد کا اعلان یا اجازت دینا صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے، کسی گروہ یا فرد کا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ریاستی قیادت پاکستان نہ جانے کا حکم دے چکی ہے تو اس کے باوجود جانا دینی نافرمانی ہے۔
۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی انا یا گروہ کی وابستگی کی بنیاد پر کیا گیا جہاد شریعت کے مطابق فساد تصور کیا جائے گا، جہاد کے نام پر حملے کرنے والے گروہ شریعت اور افغان امارت دونوں کے نافرمان ہیں۔دفاعی ماہرین نے کہا کہ یہ بیان پاکستان کی داخلی سلامتی، بیانیے اور عالمی سطح پر سفارتی موقف کو مضبوط کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی پروکسیز اور بھارتی ایما پر فتنتہ الخوارج کا نام نہاد جہاد دراصل شریعت، ریاست اور امن کے خلاف دہشت گردی ہے



