ایران اسرائیل جنگ ، سعودیہ نے ایرانی حجاج کو سرکاری مہمان کا درجہ دے دیا

سعودی عر ب میں موجود ایرانی زائرین حج حالات مکمل بہتر ہونے تک سعودی حکومت کے مہمان کے طور پرمملکت میں قیام کریں گے

ریاض:ایران اسرائیل کشیدگی کے دوران سعودی عرب کی جانب سے ایک اہم اعلان سامنے آیا ہے ۔سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد محمد بن سلمان کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے وزار ت حج و عمرہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مملکت میں پھنسے ہوئے ایرانی حجاج کرام کو ان کی وطن واپسی تک تمام ضروری امداد فراہم کریں.
سعودی جریدے کے مطابق ایرانی حجاج کو ان سہولیات کی فراہمی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ان کی محفوظ واپسی کے لیے حالات مکمل طور پر بہتر نہ ہو جائیں تاکہ وہ اپنے وطن اور خاندانوں کے پاس واپس جا سکیں۔
دوسری جانب ایران کے پریس ٹی وی نے گذشتہ روز تہران پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں جنرل سٹاف میں انٹیلی جنس امور کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل غلام رضا محرابی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے. اس کے علاوہ ملٹری آپریشنز کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل مہدی ربانی کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کے اسرائیل پر حملے جاری رہیں گے ادارے نے ایک اعلی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ سینئر فوجی کمانڈروں کے بیانات کی روشنی میں ایران آئندہ دنوں میں خطے میں موجود امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنائے گا۔