حملے اور شہادتوں کے باوجود حوثی قیادت نے غزہ کے لیے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے
صنعاء : یمن کے دارالحکومت صنعا میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حوثی وزیراعظم اور کئی وزرا ء کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے باوجود حوثی قیادت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے حوثی صدارت نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کا خون ہمارے عزم کو مزید تقویت دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے اپنے فرائض بدستور سرانجام دیتے رہیں گے۔ حوثی قیادت نے غزہ کے لیے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی جاری رکھیں گے اور اپنی افواج کو مزید مضبوط کریں گے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر شدید بمباری کی ، اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ حملوں میں حوثی وزیراعظم احمد غالب الرحاوی اور کئی وزراء شہید ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک اماراتی ویب سائٹ نے عدن میں موجود اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ یمن کے وزیرِاعظم جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملے میں دارالحکومت صنعا میں شہید ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق یمنی انصاراللہ کی قیادت میں قائم حکومت کے وزیراعظم احمد غالب الرحاوی جمعرات کو صنعا کے علاقے بیت بوس میں ایک اپارٹمنٹ پر فضائی حملے میں نشانہ بنے۔
انصاراللہ مخالف چینل الجمہوریہ نے بھی عدن سے نشریات میں احمد غالب الرحاوی کی شہادت کا دعوی کیا ہے جبکہ اخبار عدن الغد نے کہا کہ احمد الرحاوی اپنے قریبی ساتھیوں سمیت شہید ہوئے، احمد غالب الرحاوی تقریبا ایک سال سے حوثیوں کی حکومت کے وزیراعظم تھے اور زیادہ تر انتظامی کردار ادا کر رہے تھے۔
ادھر اسرائیلی میڈیا نے بھی اماراتی حمایت یافتہ ذرائع کی اس خبر کو شائع کیا ہے، یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل نے دعوی کیا کہ اس نے صنعا میں انصاراللہ کے اعلی فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنایا ہے۔گزشتہ شب انصاراللہ کے ایک عہدیدار نے اسرائیلی میڈیا کے اس دعوے کی تردید کی تھی کہ جمعرات کے فضائی حملوں میں یمنی فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں وزیر دفاع اور چیف آف اسٹاف بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے جمعرات کو صنعا کے علاقے میں ایک فوجی ہدف پر حملہ کیا تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
یمنی عہدیدار نصر الدین عامر نے کہا کہ اسرائیلی میڈیا کی یہ خبریں درست نہیں کہ حملے میں یمنی فوجی قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی حملے کے بعد یمن میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور حوثیوں نے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔


