سترہ سو بلاکس میں دوبارہ مردم شماری کا فیصلہ

مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری کے نتائج کی توثیق کے لیے 17سو بلاکس میں دوبارہ خانہ و مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب نے عبوری نتائج کی بنیاد پر انتخابات کروانے پر تحفظات ظاہر کیے اور کہا کہ آبادی میں غیر ملکی بھی گنے گئے، اس سے خیبر پختون خوا کی سیٹیں بڑھ جائیں گی، مردم شماری کے مکمل نتائج ہر صورت اپریل میں جاری کردیے جائیں گے۔

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں سندھ سمیت چاروں صوبوں نے ادارہ شماریات کو ذمہ داری سونپ دی۔

کہا گیا ہے کہ مردم شماری کے نتائج کاتوثیقی عمل آگے بڑھانے میں ادارہ شماریات ہی رہنمائی کرے، مردم شماری کے ایک فیصد بلاکس کا آڈٹ ادارہ شماریات اور فوج کی نگرانی میں ہوگا، ملک بھرمیں ایک لاکھ 68 ہزار بلاکس سے ملک بھر میں 17سو بلاکس میں دوبارہ خانہ و مردم شماری کی جائےگی۔

ادارہ شماریات کا دوران اجلاس کہنا تھا کہ نتائج میں فرق آنے کی صورت میں فرق کا مکمل نتائج میں درست اندراج کر دیا جائے گا اور مردم شماری کے مجموعی نتائج درست تصور کیے جائیں گے۔

دوران اجلاس ایک موقع پر شہباز شریف نے کہا افغان مہاجرین بھی گنے گئے جس کا نقصان پنجاب کو ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کوخصوصی بریفنگ دی گئی کہ کراچی سمیت سندھ میں کسی مقام پر بھی نتائج میں کوئی گڑ بڑ نہیں کی گئی۔

انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ سندھ نے 3 فیصد بلاکس میں دوبارہ مردم شماری کے عمل کی تجویز دی تھی تاہم وقت اور وسائل کو وجہ بتاتے ہوئے کونسل نے صرف ایک فیصد بلاکس کی منظوری دی۔

مشترکہ مفادات کونسل نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ ادارہ شماریات اپریل سے پہلے مردم شماری کے نتائج کاتوثیقی عمل مکمل کرکےمردم وخانہ شماری کے نتائج جاری کردے گا۔