
بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ کو پاکستانی ویزے جاری کردیے گئے ،ان کی ملاقات 25 دسمبر کو ہوگی ۔
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے دونوں خواتین کو ویزے جاری کئے ہیں،پاکستان نے گزشتہ ماہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کرنے کی پیشکش کی تھی۔
پاکستانی پیشکش پر بھارت کی جانب سے والدہ سے بھی ملاقات کرانے اور اس دوران ایک بھارتی سفارت کار کی موجودگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
پاکستان نے بھارت کا مطالبہ مانتے ہوئے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کے لیے 25 دسمبر کی تاریخ طے کی ہے۔
چند روز قبل وزارت خارجہ نے نئی دہلی میںپاکستانی ہائی کمیشن کو کلبھوشن کی اہلیہ اوروالدہ سمیت سفارتکار کا ویزہ جاری کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ویزے جاری کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کے واہگہ بارڈر سے آنے کے امکانات کم ہیں، اس لیے انہیں بذریعہ جہاز اسلام آباد لایا جائے گا،جہاں سے انہیں کلبھوشن سے ملاقات کے لیے لے جایا جائے گا تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔
کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016ء کو گرفتار کیا گیا ،اس نے پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات کا اعتراف کیا ،جس پر عدالت نے اسے سزائے موت سنائی ،لیکن بھارت کی عالمی عدالت میں اپیل کی وجہ سے سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ۔




