پاکستان کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، وزیر اعظم

اسلام آباد …نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار اور قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت کی پالیسی پر کاربند رہنے اور ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے کے عزم کا اعادہ اور جوہری سلامتی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز اور سکیورٹی سے متعلق اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) سمیت عدم پھیلاﺅ کے مختلف رجیمز کا حصہ بننے کیلئے ضروری اہلیت رکھتا ہے اور اس کیلئے پاکستان بلاامتیاز طریقہ کار کا حامی ہے ہے۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر دفاع، وفاقی وزیر برائے داخلہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف نیول سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس، سیکرٹری خارجہ امور اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو سٹرٹیجک انوائرمنٹ بارے جامع بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے ہمسائے میں بعض عدم استحکام سے متعلق اقدامات کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کو برقرار رکھنے کا مقصد پورا نہیں ہوتا، ان میں بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی دوڑ، بحرہند کے خطہ کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کرنا اور بی ڈی ایم کی تیاری و تنصیب کے منصوبے شامل ہیں۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے پاکستان کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت کی پالیسی پر کاربند رہنے اور ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔