
اسلام آباد …پاکستان نے امریکا کی قومی سلامتی کی نئی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی امریکی پالیسی میں پاکستان پر غیر مصدقہ الزامات لگائے گئے۔پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔سندھ طاس معاہدے کے تحت باہمی مسائل کے حل کیلئے میکنزم غیر موثر ہوچکا ہے۔جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت کے 291 ماہی گیر 29 دسمبر اور 8 جنوری کو دو مرحلوں میں رہا کر دیئے جائیں گے۔پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل محفوظ ہیں۔امریکی صدر کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے مخالفت میں ووٹ ڈالنے والے ممالک کو پیشگی دھمکی جمہوریت کی توہین ہے۔آزادی کی کوئی قیمت نہیں ہوتی، پاکستان اقوام متحدہ میں مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے میں اصول کی بنیاد پر ووٹ دے گا۔جمعرات کو یہاں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان امریکا کی قومی سلامتی کی نئی پالیسی میں لگائے گئے غیر مصدقہ الزامات کو مسترد کرتا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہے اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کر رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ بیت المقدس پر اسلامی تعاون تنظیم کے اعلامیہ کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ترجمان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جاسوس کی والدہ اور اہلیہ کو نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اسلام آباد کے ویزے جاری کردیئے ہیں اور وہ دونوں فضائی سفر کے ذریعے پاکستان آئیں گی جب کہ ملاقات دفترخارجہ میں ہوگی۔




