وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اوروزیرقانون رانا ثنا ء اللہ کو استعفے کیلئے سات دن کی مہلت

آل پارٹیز کانفرنس نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اوروزیرقانون رانا ثنا ء اللہ کو استعفے کیلئے مزید سات دن کی مہلت دے دی۔

سات جنوری تک استعفے نہ آئے تو آٹھ جنوری کو اے پی سی کی اسٹیئرنگ کمیٹی احتجاج کا طریقہ کار طے کر کے احتجاج کی کال دے گی۔

طاہر القادری پہلے ہی خبردار کرچکے ہیں کہ عوامی عدالت بھی لگ سکتی ہے، دھرنا ہوسکتا ہے یا کچھ اور بھی ہوسکتا ہے۔

اے پی سی میں تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی، ق لیگ، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، پی ایس پی اور دیگر جماعتوں نے شرکت کی۔

آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف ، رانا ثنا اور دیگر شریک ملزمان 7 جنوری سے پہلے مستعفی ہوجائیں، 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن میں 7 جنوری تک اضافہ کیا جاتاہے، اگر استعفے نہ آئے تو 8 جنوری کو آئندہ کےاحتجاجی لائحہ عمل کااعلان کیاجائے گا۔