معاہد ہ ہو گیا شہریوں کو آن لائن پیدائش و وفات سرٹیفکیٹ کی سہولت

ایم سی آئی اور نادرا کے درمیان سی آر ایم ایس موبائل ایپلی کیشن کے لیے معاہدے پر دستخط ہوئے

اسلام آباد: میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (MCI) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان سی آر ایم ایس موبائل ایپلی کیشن کے نفاذ کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد شہریوں کو آسان، شفاف اور ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے۔
معاہدے پر ایم سی آئی کی جانب سے ڈاکٹر انام فاطمہ، چیف آفیسر، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد جبکہ نادرا کی جانب سے سید گوہر عباس جعفری، ڈائریکٹر جنرل نادرا نے کانفرنس روم ایم سی آئی اسلام آباد میں منعقدہ باوقار تقریب کے دوران دستخط کئے.
اس جدید نظام کے تحت اسلام آباد کے شہری اب پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے اور سرٹیفکیٹس بھی آن لائن حاصل کر سکیں گے، جس کے لیے انہیں ایم سی آئی کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یہ اقدام عوامی سہولت کو بڑھانے، وقت کی بچت اور دفتری پیچیدگیوں کے خاتمے میں مؤثر ثابت ہوگا۔
سی آر ایم ایس موبائل ایپ کے ذریعے شہری نہ صرف درخواست جمع کر سکیں گے بلکہ مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے، درخواست کی حیثیت جاننے اور سرٹیفکیٹ کی بروقت فراہمی کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ نادرا کی تکنیکی معاونت سے یہ نظام محفوظ، مستند اور قابل اعتماد ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انام فاطمہ نے کہا کہ یہ اقدام ایم سی آئی کی ڈیجیٹل اصلاحات کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، جو شہریوں کو جدید، تیز اور شفاف خدمات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام اسلام آباد کو ایک اسمارٹ اور ڈیجیٹل شہر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر سید گوہر عباس جعفری، ڈائریکٹر جنرل نادرا نے کہا کہ نادرا اس نظام کے لیے محفوظ ڈیٹا انضمام، تصدیقی نظام اور تکنیکی تعاون فراہم کرے گا تاکہ شہریوں کو مستند اور قابل اعتماد خدمات مہیا کی جا سکیں۔
یہ شراکت داری شہری سہولیات اور ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے اور اس سے اسلام آباد کے باسیوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا.