کھلاڑیوں کی سنی گئی ، قومی ہاکی میں بڑی ریفارمزکافیصلہ


گورننس مینجمنٹ اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، محی الدین وانی

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ نامناسب روئیے اور اس پر کھلاڑیوں کی شدید احتجاج کے بعدپاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل ہاکی کے انتظامی اور پیشہ ورانہ ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے دو اہم کمیٹیوں کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
ایڈہاک صدر محی الدین وانی کے مطابق ہاکی کے انتظامی اور کھیل سے متعلق امور کو الگ الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ دو روز میں گورننس مینجمنٹ کمیٹی اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائیں گی۔اس اقدام کا مقصد قومی کھیل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور ادارہ جاتی سطح پر بہتری لانا ہے۔ محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ گورننس مینجمنٹ کمیٹی پی ایچ ایف کے انتظامی معاملات کو مثر بنائے گی۔
ایڈ ہاک صدر کے مطابق کمیٹی میں ہیومن ریسورس، مالیاتی امور، ریسورس موبلائزیشن، کمیونیکیشن اور رابطہ کاری کے ماہرین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی اسکولوں اور کالجوں میں ہاکی کے فروغ کے لیے بھی مربوط حکمت عملی تیار کرے گی۔محی الدین وانی کے مطا بق پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی میں سابق اولمپینز، اسپورٹس کوچز، ٹرینرز اور اسپورٹس میڈیسن کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا، جو کھلاڑیوں کی فنی تربیت، فٹنس اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیاری کو یقینی بنانے کے لیے سفارشات مرتب کریں گے۔
فیڈریشن حکام کے مطابق ان دونوں کمیٹیوں کے قیام سے ہاکی کے انتظامی ڈھانچے میں شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور طویل المدتی منصوبہ بندی کو فروغ ملے گا اور قومی کھلاڑیوں کی شکایات کا بھی ازالہ ہوگا۔
یاد رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان اور دیگر کھلاڑیوں نے آسڑیلیا میں ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر وطن واپسی پر شدید احتجاج کیا تھا۔