فیصلہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑھتے اضافے کے بعد عوام کو سہولت دینے کیلئے کیا گیا
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں ہوشرباء اضافے کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لئے اسلام آباد اور پنجاب میں میٹرو میں سفر مفت کر دیا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ سفر مفت کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ مفت ٹرانسپورٹ کا 35 کروڑ روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔
دوسری طرف پنجاب میں بھی میٹرو بس سروس میں سفر مفت کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس کے مسافروں کو اب ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا اور وہ میٹرو میں مفت سفر کر سکیں گے۔
مریم نواز نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ، ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو ہر ماہ 20 لیٹر پٹرول رعایتی قیمت پر ملے گا، انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی ملے گی، ٹرکوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فیول پر 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی جس کے لئے میکانزم تیار کیا جارہا ہے۔




