اس سے دارالحکومت اسلام آباد کے فائر اینڈ ریسکیو نظام کو جدید بنایا جاسکے گا
وفاقی دارالحکومت میں آتشزدگی، حادثات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری متوقع
اسلام آباد(محمدرضوان ملک ) چین نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے فائر اینڈ ریسکیو نظام کو جدید بنانے کے لیے 21 جدید فائر و ریسکیو گاڑیاں اور متعلقہ آلات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 3 ارب روپے بتائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چینی امدادی پیکیج میں جدید اسنارکل فائر ٹینڈر بھی شامل ہے، جو تقریباً 88 میٹر کی بلندی تک ریسکیو آپریشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اسلام آباد میں موجود بعض فائر ٹینڈرز کی رسائی تقریباً 68 میٹر تک ہے۔
نئی گاڑیوں کی فراہمی سے وفاقی دارالحکومت میں آتشزدگی، حادثات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نئی گاڑیوں کا یہ بیڑا ستمبر 2026 میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔
یہ اقدام پی آئی ایم ایس میں حالیہ المناک آتشزدگی کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں 14 نومولود جاں بحق ہوئے تھے اور اسلام آباد میں فائر سیفٹی اور ہنگامی ریسکیو نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت اجاگر ہوئی۔ چینی تعاون کو پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور مشکل وقت میں تعاون کی ایک اور مثال قرار دیا جا رہا ہے۔


