سی ڈی اے میں پراپرٹی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، پی ایم ایس نافذ کرنے کی تیاری


متعلقہ ریکارڈ اور انتظامی امور کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کی جانب اہم پیش رفت

اسلام آباد/لاہور:فمخ۔ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے سی ڈی اے کے پراپرٹی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے افسران و ملازمین کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں.
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) کے لینڈ ریکارڈز اور پراپرٹی فائلز کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم (PMS) اور سِفٹنگ ماڈیول کے نفاذ کے لیے متعلقہ عملے کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
جاری مراسلے کے مطابق PLRA اس وقت سی ڈی اے سے متعلقہ لینڈ ریکارڈز اور پراپرٹی فائلز کو ڈیجیٹلائز کرنے کے عمل میں مصروف ہے۔ مراسلے میں سی ڈی اے کے متعلقہ ڈائریکٹوریٹس سے کہا گیا ہے کہ وہ ان ملازمین کی تفصیلات فراہم کریں جنہیں پراپرٹی سے متعلق امور انجام دینے کے لیے PMS تک رسائی درکار ہوگی۔
مطلوبہ تفصیلات میں نام، والد کا نام، شناختی کارڈ نمبر، فون نمبر، عہدہ اور متعلقہ سیکٹر/علاقہ شامل ہیں۔ یہ معلومات بعد ازاں سی ڈی اے کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کو فراہم کی جائیں گی تاکہ متعلقہ صارفین کو سسٹم تک رسائی دی جاسکے۔
PLRA کی جانب سے زمین اور جائیداد کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کے اقدامات کا مقصد ریکارڈ تک رسائی، شفافیت اور پراپرٹی سے متعلق امور کی مؤثر نگرانی کو بہتر بنانا ہے۔ PLRA پہلے ہی ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ اور آن لائن پراپرٹی سروسز کے لیے مختلف نظام چلا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے پراپرٹی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا یہ اقدام اسلام آباد میں جائیداد سے متعلق ریکارڈ اور انتظامی امور کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے.