یو پیسہ اکاونٹ بلاک ہونے پر شہری شکایت لے کر وفاقی محتسب جا پہنچا

کئی بار کی درخواستوں‌کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوا، بائیومیٹرک تصدیق کے بعد بھی رقم تک رسائی نہ مل سکی

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) یو پیسہ اکاؤنٹ میں 66 ہزار 36 روپے کی رقم تک رسائی نہ ملنے پر شہری طارق سعید نے وفاقی محتسب سیکریٹریٹ سے رجوع کرتے ہوئے معاملے کے حل اور رقم کی ریلیز یا دوسرے بینک اکاؤنٹ میں منتقلی کے لیے کارروائی کی درخواست کی ہے۔
وفاقی محتسب کو دی گئی درخواست کی دستیاب کاپی کے مطابق طارق سعید کا مؤقف ہے کہ ان کا یو پیسہ اکاؤنٹ بائیومیٹرک تصدیق کے مسئلے کے باعث محدود ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے یو پیسہ کے بلیو ایریا دفتر سے متعدد مرتبہ رابطہ کیا اور مطلوبہ نادرا بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا، تاہم ان کے بقول اکاؤنٹ میں موجود رقم تاحال ریلیز نہیں کی گئی۔
طارق سعید کے مطابق یو پیسہ کے نمائندگان نے انہیں رقم دوسرے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کے لیے درخواست جمع کرانے کا مشورہ دیا، جس پر انہوں نے مطلوبہ درخواست بھی جمع کرا دی، تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔
دستیاب دستاویز کے مطابق طارق سعید نے مسئلے کے حل کے لیے مختلف اوقات میں متعدد شکایات درج کرائیں، جن میں 27 جولائی، 6 اگست، 12 اگست، 20 اگست، 23 اگست اور 25 اگست 2026 کی شکایات شامل ہیں، تاہم ان کے مطابق مسئلہ بدستور حل طلب ہے۔
خبر کی اشاعت سے قبل یو فون/یو پیسہ کے متعلقہ حکام سے مؤقف حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ طارق سعید کے مطابق متعلقہ معاملے پر ادارے کا مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہیں مؤقف فراہم نہیں کیا گیا، جبکہ معاملے سے متعلق ذمہ دار شخص کا رابطہ نمبر دینے سے بھی انکار کیا گیا۔
طارق سعید کا دعویٰ ہے کہ رابطے کے دوران انہیں یہ بھی کہا گیا کہ “اگر خبر لگانی ہے تو لگا دیں”۔ اس بیان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ یو فون/یو پیسہ کا باضابطہ مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی خبر میں شامل کیا جائے گا۔
طارق سعید نے وفاقی محتسب سے درخواست کی ہے کہ معاملے کا جائزہ لے کر متعلقہ ادارے سے وضاحت طلب کی جائے اور ان کے اکاؤنٹ میں موجود 66,036 روپے ریلیز کرنے یا ان کی جانب سے فراہم کردہ بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کے لیے مناسب کارروائی کی جائے۔