الیکشن کمیشن نے بلدیاتی قانون 2015 کے تحت اسلام آباد میں انتخابات کرانے کا حکم جاری کیا
لگتا ہے حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی،چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ
اہم بات یہ ہے کہ کیا ان حالات میں الیکشن کمیشن حکومتی مخالفت مول لے کربلدیانی انتخابات کرا پائے گا
اسلام آباد(محمد رضوان ملک )الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 20 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیاگیا ہے. الیکشن کمیشن نے بلدیاتی قانون 2015 کے تحت اسلام آباد میں انتخابات کرانے کا حکم جاری کیا ہے.
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر حکومت کے طرزِ عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی خواہش مند نہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 21 اکتوبر 2026 کو فیصلہ کیا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات موجودہ نافذ العمل اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت کرائے جائیں گے۔ کمیشن نے متعلقہ حکام کو انتخابی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پولنگ کے دن صبح 8 سے شام4 بجے تک بلاتعطل ووٹ ڈالے جاسکیں گے۔الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعداسلام آباد میں تقریروں اورتبادلوں پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی 2 سے 6 نومبر تک وصول کیے جائیں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبرتک ہوگی۔امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں14 سے 18 نومبرتک دائرکرسکیں گے، اپیلوں پر فیصلے 19 سے 23 نومبرتک ہوں گے، بلدیاتی انتخابات کے امیدوار25 نومبرتک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں کوانتخابی نشانات26 نومبرکوالاٹ کیے جائیں گے، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست26 نومبرکوجاری ہوگی۔
الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کا عمل21 سے 24 دسمبرتک مکمل ہوگا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی قانون 2015 کے تحت اسلام آباد میں انتخابات کرانے کا حکم جاری کیا ہے. چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی ، کمیشن مجبور ہو کر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم جاری کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے اور منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت فروری 2021 میں ختم ہوگئی تھی۔اس کے بعدحلقہ بندیوں میں چھ مرتبہ تبدیلیاں ہوئیں اور انتخابی شیڈول چار مرتبہ جاری کیا گیا۔
نئے بلدیاتی قانون پر بروقت قانون سازی نہ ہونے اور 2026 کے ترمیمی آرڈیننس کی مدت ختم ہونے کے باعث انتخابی عمل متاثر ہوا۔
اہم سوال یہ ہے کہ کیا اس مرتبہ 20 دسمبر کو انتخابات ہو پائیں گے؟ الیکشن کمیشن نے باقاعدہ شیڈول جاری کردیا ہے، تاہم ماضی کی تاخیر کے پیش نظر حتمی طور پر کہنا ممکن نہیں کہ انتخابی عمل کسی نئے قانونی یا انتظامی تعطل کے بغیر مکمل ہوجائے گا۔




