ٹرائی نیشن سیریز ،سری لنکا فائنل میں‌ پہنچ گیا

پاکستان کی ناقص کارکردگی نے سری لنکا کو فائنل تک جانے میں‌ بھرپور مدد کی
قذآفی سٹیڈ یم میں‌کھیلے جانے والے اس میچ میں‌ٹوٹل 50 اور کا کھیل بھی ممکن نہ ہوسکا
سری لنکا نے پاکستان کا 111 رنز کا ہدف 19 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا
فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 31 اکتوبر کو لاہورکے قذآفی سٹیڈیم ہی میں‌ کھیلا جائے گا

لاہور(سٹی رپورٹر)لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں‌ ٹرائی نیشن سیریز کے میچ میں‌ سری لنکا نے پاکستان کو باآسانی 8 وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے . فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 31 اکتوبر کو لاہور ہی میں‌ کھیلا جائے گا.
سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے ناقابل شکست پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی جب کہ انگلینڈ کی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم 26 ویں اوورز میں 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی. اس طرح پاکستان نے اپنی ناقص کارکردگی کے باعث سری لنکا کو فائنل تک پہنچنے میں بھرپور مدد کی. جواب میں سری لنکا نے 111 رنز کا مطلوبہ ہدف 19 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
سری لنکا کے خلاف اوپنر فخر زمان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر بری طرح ناکام ہوگیا اور ابتدا ہی سے بیٹرز مشکلات کا شکار رہے۔
اوپننگ بیٹر فخر زمان بلے کے باہری کنارے سے گیند لگنے کے باعث گیند ہوا میں اٹھی اور وہ 5 رنز کے ساتھ کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد معاذ صداقت 8 رنز بنا کر فرنینڈو کی اندر آتی گیند کو روک نہ سکے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔پاکستان ٹیم کو تیسرا نقصان 46 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 5 رنز بنا چکے تھے، ان کے بعد سلمان علی آغا 9 رنز بنا کر چلتے بنے جب کہ بابر اعظم نے 33 گیندوں پر 29 رنز بنا کر مزاحمت کی لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 61 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
انگلینڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے شاداب خان اس مرتبہ ناکام ہوگئے اور صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ وہ ریویو لینا چاہتے تھے تاہم پاکستان کے پاس کوئی ریویو باقی نہیں تھا اور یوں پاکستان کے 64 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
عرفات منہاس 91 کے مجموعی اسکور پر صرف 10 بنا کر پویلین لوٹے جب کہ حسن نواز نے 31 گیندوں پر 17 رنز بنائے تاہم وہ بھی ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانے میں ناکام رہے۔ اس کے علاوہ حارث رؤف نے ایک رن کا اضافہ کیا، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 13 گیندوں پر 15 رنز بنائے اور نسیم شاہ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ پاکستانی ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 25.3 اوورز میں 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جو دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے ون ڈے میچز میں تیسرا کم ترین اسکور ہے جب کہ سری لنکا کو جیت کے لیے 111 رنز کا آسان ہدف ملا۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سہان آراچیگے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 111 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اویشکا فرنینڈو 17 گیندوں پر 16 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد 62 کے اسکور پر سری لنکا کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، کپتان کوشل مینڈس صرف 8 رنز بناکر عرفات منہاس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے باوجود سری لنکن بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستانی بولرز کو مزید کامیابی حاصل کرنے کا موقع نہ دیا۔
کامینڈو مینڈس نے 60 گیندوں پر 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جب کہ پاون رتھنائیکے نے 26 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اس طرح سری لنکان نے 111 رنز کا مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرتے ہوئے میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی اور فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، اس کے علاوہ کوئی بولرز وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ تین ملکی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔
110 رنز پر پوری ٹیم کا آؤٹ ہونا بیٹنگ لائن کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب سری لنکا نے کم ہدف کے تعاقب میں عمدہ کھیل پیش کرکے فائنل سے پہلے اپنی تیاریوں کا ثبوت دیا ہے۔
قبل ازیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکن کپتان کشال مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے کیوں کہ دوسری اننگز میں اوس ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، صائم ایوب اور رضا اللہ کی جگہ معاذ صداقت اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔