بالوں کو صحت مند رکھنے والی بہترین غذائیں

مچھلی ، انڈا، پالک ، امردو ، چکن شکر کندی اور دارچینی کا مناسب استعمال بالوں کی حفاظت کرتا ہے

اسلام آباد:بال انسان کی خوبصورتی میں‌اہم کردار ادا کرتے ہیں.اس لئے چمکدار اور صحت مند بال ہر فرد کی خواہش ہوتے ہیں۔ باالخصوص خواتین اس معاملے میں‌ کچھ زیادہ ہی حساس ہوتی ہیںِ. آج سائنس نے اتنی ترقی کر لی ہے کہ با دوبارہ اگائے بھی جاسکتے ہیں. لیکن اگر بالوں‌کی حفاظت کی جائے تو وہ نہ صرف مضبوط ہوتے ہیں‌بلکہ گرنے اور ٹوٹنے سے بھی محفوظ رہتے ہیں.
اگرچہ مہنگے کنڈیشنرز، ٹریٹمنٹس اور دیگر پر پیسے خرچ کرنے میں‌ کوئی برائی نہیں، مگر ہم جو غذااستعمال کرتے ہیں وہ صحت مند بالوں کی کنجی اپنے اندر چھپائے ہوئے ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں کی افزائش اور گرنے، ان کی حالت اور معیار کا بڑا انحصار ہمارے جینز پر ہوتا ہے،مگر طرز زندگی کے مختلف عناصر بھی بالوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں جس سے وہ کمزور، خشک اور گرنے لگتے ہیں۔ان کے بقول ان وجوہات میں غذائیت کی کمی، تناؤ، ہارمونز میں تبدیلیاں، بہت زیادہ برش کرنا اور تھائی رائیڈز کے مسائل قابل ذکر ہوتے ہیں۔
درج ذیل غذائیں بالوں کی صحت کے لیے مفید ہیں۔
مچھلی
مچھلی بالخصوص چربی والی مچھلی صحت مند اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہوتی ہے، آپ کا جسم صحت کے لیے اہم ان فیٹی ایسڈز کو بنا نہیں پاتا تو ان کا حصول غذا یا سپلیمنٹس سے ممکن ہوتا ہے۔یہ فیٹی ایسڈز امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں جبکہ بالوں کی افزائش ، گھنے پن اور جگمگاہٹ برقرار رکھنے کے لیے بھی جسم کوان کی ضرورت تھی۔
پالک
بیشتر سبز پتوں والی سبزیوں کی طرح پالک بھی متعدد غذائی اجزا سے بھرپور سبزی ہے۔اس میں وٹامن اے کی بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے جبکہ آئرن، بیٹا کیروٹین، فولیٹ اور وٹامن سی بھی موجود ہوتے ہیں، جو صحت مند بالوں کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔یہ اجزا بالوں کی نمی برقرار رکھتے ہیں تاکہ وہ بھربھرے پن کے شکار نہ ہوسکیں۔
امرود
یہ مزیدار پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو بالوں کو ٹوٹنے سے بچاتا ہے۔ایک کپ امردو میں 377 ملی گرام وٹامن سی ہوتا ہے جو کہ روزانہ درکار کم از کم مقدار ہے۔
آئرن سے بھرپور غذائیں
آئرن کی کمی بالوں کے گرنے کی رفتار کو بڑھا دیتی ہے، یہ اہم غذائی جز فوٹیفائیڈ سیریلز، اجناس اور پاستا میں موجود ہوتا ہے، جبکہ دالوں، گائے کے گوشت بالخصوص کلیجی میں اس کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔اور ہاں سبز پتوں والی سبزیاں بھی اس کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں۔
چکن
بالوں کو گھنا کرنا چاہتے ہیں؟ تو غذا میں مناسب مقدار میں پروٹین کا حصول یقینی بنائیں۔پروٹین بالوں کی افزائش کے لیے اہم جز ہے کیونکہ یہ پرانے بالوں کو گرنے نہیں دیتا۔چکن کا گوشت پروٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے کیونکہ اس میں نقصان دہ چربی کی مقدار گائے کے گوشت کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔
شکرقندی
بال خشک ہونے سے ان کی جگمگاہٹ ختم ہوجاتی ہے، مگر شکرقندی جسم کو ایک فائدہ مند اینٹی آکسائیڈنٹ بیٹا کیروٹین فراہم کرتی ہے۔ہمارا جسم بیٹا کیروٹین کو وٹامن اے میں تبدیل کردیتا ہے، جو بالوں کو خشک اور روکھے پن سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔اس کے علاوہ یہ کھوپڑی کے غدود کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ ایک چکنائی والا سیال سیبم تیار کرے تاکہ وہ خشک نہ ہوسکے۔ یہ غذائی جز گاجر، کدو اور آم کے ذریعے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
دارچینی
دارچینی کی ایک چٹکی کا چائے یا کسی کھانے کی چیز میں ڈال کر استعمال کرنا خون کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اس سے بالوں کی جڑوں کو آکسیجن اور ضرورت کے مطابق اجزا ملتے ہیں۔
انڈے
پروٹین اور آئرن کے حصول کا ایک بہترین ذریعہ انڈے بھی ہیں جبکہ ان میں ایک بی وٹامن بائیوٹین بھی موجود ہوتا ہے جو بالوں کی افزائش میں مدد فراہم کرتا ہے۔جسم میں اس وٹامن کی کمی گنج پن یا بالوں کے گرنے کا باعث بن سکتی ہے جبکہ یہ وٹامن ناخنوں کی مضبوطی کے لیے بھی ضروری ہوتا ہے۔