2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ مرحلہ فروری سے مارچ 2027 کے دوران ہوگا
2028 میں ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک کھیلا جائے گا
چیمپئنز ٹرافی 2029 میں 9 سے 28 اکتوبرتک بھارت میں ہوگی،2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور بنگلہ دیش کریں گے
اسلام آباد:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2035 تک کرکٹ کا عالمی روڈ میپ جاری کر دیا ہے.آئی سی سی نے عالمی کرکٹ ایونٹس کا روڈ میپ جاری کرتے ہوئے بڑے ٹورنامنٹس کی تاریخوں اور کوالیفکیشن فارمیٹ کی منظوری دے دی ہے۔
انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جن کے مطابق 2028 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک کھیلا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2029 کی چیمپئنز ٹرافی بھارت میں 9 سے 28 اکتوبر تک منعقد ہوگی، جبکہ 2031 کا ون ڈے ورلڈ کپ بھارت اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔ یہ میگا ایونٹ 9 اکتوبر سے 23 نومبر 2031 تک جاری رہے گا۔
آئی سی سی کے مطابق 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ مرحلہ فروری سے مارچ 2027 کے دوران ہوگا، جس میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں سے ٹاپ چار ٹیمیں میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
دوسری جانب لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے کرکٹ ایونٹ کے لیے مردوں کا کوالیفائنگ راؤنڈ 5 سے 13 فروری 2028 تک امریکا میں منعقد ہوگا، جبکہ خواتین کے ایونٹ کا کوالیفائنگ مرحلہ 26 فروری سے 5 مارچ 2028 تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے ان فیصلوں کے تحت آئندہ برسوں میں عالمی کرکٹ کے بڑے مقابلوں کے شیڈول اور ٹیموں کی کوالیفکیشن کے حوالے سے پیشگی منصوبہ بندی کی راہ ہموار ہوگی۔
2027 کا عالمی ون ڈے ورلڈ کپ 2 اکتوبر سے 21 نومبر تک ہوگا. جنوبی افریقہ زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر اس کی میزبانی کریں گے.


