ورلڈ کپ میچوں کے سب سے کامیاب بیٹسمین اے بی ڈیویلئیر کی ورلڈکپ کھیلنے کی خواہش ادھوری رہ گئی

جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈیویلئیر نے خواہش ظاہر کی تھی کہ انھیں ورلڈکپ کے اسکواڈ میں شامل کیا جائے،تاہم جنوبی افریقی بورڈ نے ان کی خواہش مسترد کردی ۔

کرکٹ کی بین الاقوامی ویب سائٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے بی ڈیویلئیر نے اپریل میں ورلڈکپ اسکواڈ کے اعلان سے چند روز قبل کپتان فاف ڈیوپلیسی، ہیڈ کوچ اوٹس گبسن اور کنوینر آف سلیکٹرزلنڈا زونڈی سے ملاقات کی اور ٹیم میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی ۔

اے بی ڈیویلئیر کی خواہش مسترد کردی گئی کیوں کہ ٹیم انتظامیہ کا خیال تھا کہ ایسا کرنا ان کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی جو اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم میں شامل ہورہے ہیں۔

اے بی ڈیویلئیر نے بین الاقوامی کرکٹ سے مئی 2018 میں کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ اس دوران وہ پی ایس ایل سمیت آئی پی ایل اور دیگر لیگز کھیلتے نظر آئے۔

سابق کپتان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ میں سپورٹ کریں۔ ایک طویل راستہ طے کرنا ہے،ابھی بھی یقین ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

یاد رہے کہ اے بی ڈویلیر دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جن کی ورلڈ کپ میچوں میں ایورج سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے ۲۳میچوں میں ۔63.53کی ایورج سے 1207 رنز بنا رکھے ہیں

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے اب تک ورلڈکپ 2019 میں 3 میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے