اسلام آباد :ترجمان سپریم کورٹ نے سپریم جوڈیشل کونسل میں 350 سے زائد زیر التوا ریفرنسز کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں گمراہ کن اور حقائق کے بر عکس قرار دیا، ترجمان نے وضاحت کی کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں اس وقت ججوں کیخلاف 2صدارتی ریفرنس زیر التوا ہیں،جن پر قانون اور ضابطے کے مطابق سماعت کے بعد وقت پر فیصلہ کیا جائے گا، وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ چند دنوں سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر مباحثہ چل رہا ہے جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں 350 سے زائد ریفرنس زیر التوا ہیں، کچھ لوگوں کی جانب سے بار باران اعداد وشمار کا دہرایا جانا گمراہ کن ہے ،350 کے اعدادو شمار بے بنیاد اور غلط ہیں، 28کیس زیر التوا ہیں ،سپریم جوڈیشل کونسل کو اب تک 426 شکایات اور ریفرنسز موصول ہوئے ،ان تمام پر کارروائی ہوئی اور سپریم جوڈیشل کونسل پروسیجر آف انکوائری 2005 کے تحت مختلف مراحل میں ہیں،ان میں سے 398 کیس نمٹا دیئے گئے ۔



