وکلاء کا سینئر ججز کے خلاف ریفرنس کی تیسری سماعت پر ’یوم سیاہ‘ کا اعلان

اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے صدر امان اللہ کنرانی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف حکومتی ریفرنس پر تیسری سماعت کے خلاف 12 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔

ایس سی بی اے کے صدر نے اعلامیہ میں کہا کہ تمام بار کونسل اور بار ایسوسی ایشن سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے ججز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔

واضح رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) دونوں ججز کے خلاف ریفرنس کی تیسری سماعت 12 جولائی کو کرے گی۔

پشاور بار کونسل کے وائس چیئرمین سید امجد شاہ پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ کونسل صدارتی ریفرنس کے خلاف سپریم کورٹ کی حدود میں احتجاجی مظاہرہ کرےگی۔

اعلامیے میں امان اللہ کنرانی نے کہا کہ ان کی سربراہی میں 10 رکنی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جو ریفرنس کے خلاف ملک گیر احتجاج کے لیے حکمت عملی کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی تمام وکلا کی نمائندہ تنظیموں سے رابطہ کرے گی اور 2007 والی وکلا تحریک کی طرح مذکورہ تحریک کو کامیاب بنائےگی۔

انہوں نے وکلا سے احتجاج میں شریک ہونے کے لیے خصوصی درخواست کی۔

خیال رہے کہ 29 مئی کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل زاہد فخرالدین ابراہیم نے حکومت کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو بعض سینئر ججز کے خلاف ریفرنس بھیجنے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔

زاہد فخر الدین ابراہیم نے ریفرنس ججز کا احتساب نہیں بلکہ عدلیہ پر حملہ قرار دیا تھا۔