مہنگائی کرنےوالے عمران خان استعفیٰ دو اور گھر جاؤ، مریم نواز

 لاہور سے مندی بہاولدین پہنچنے تک مریم نواز سارے راستے ٹویٹر پر بھی کارکنوں سے رابطے میں رہیں اور ٹویٹر کے ذریعے کارکنوں کے حوصلے
بڑھاتی رہیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ملک میں مہنگائی بڑھنے پر وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب نواز شریف کو جیل میں رکھنا جرم ہے۔

منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عزت اور ذلت دونوں اللہ کے ہاتھ میں ہے اور آج نوازشریف 22 کروڑ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف یہ جانتے ہوئے کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے اس کے باوجود قانون کے آگے سر جھکا کر جیل چلے گئے، نوازشریف بہادر انسان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج سرخرو ہوئے ہیں اور نئی شہادتوں کے بعد اب نواز شریف کو ایک دن بھی جیل میں رکھنا جرم ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا قصور یہ تھا کہ نواز شریف کا کوئی قصور نہیں تھا، نواز شریف کو ووٹ کی عزت دلوانے کا نعرہ لگانے پر سزا ملی، نوازشریف کو ووٹ دینے والوں کا سر آج فخر سے بلند ہے۔

کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف پھر سے وزیراعظم بنیں گے، اور پہلے سے زیادہ طاقت ور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو چاروں طرف سے دشمنوں نے گھیرا ہوا ہے، نواز شریف نے ہمیشہ عوام اور ملک کی فلاح اور بہبود کی بات کی ہے۔

حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، جلسے کی اجازت نہ دینے والے دیکھ لیں کہ لاہورسے منڈی بہاؤالدین تک ہرجگہ جلسہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نواز شریف کی بے گناہی کا جشن منار ہے ہیں، جلسہ7تاریخ کو ہونا تھا، لاہورسےمنڈی بہاءالدین کاسفرڈھائی گھنٹے کا ہے،میں 10گھنٹوں میں یہاں پہنچی ہوں۔

وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے، آٹا، دال، چینی، چاول سب مہنگا ہوچکا ہے لیکن ان کو کرپشن کے لبادے میں پتلی گلی سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

مریم نواز نے کارکنوں سے بھی عمران خان کے استعفے کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کرنےوالے عمران خان استعفیٰ دو اور گھر جاؤ۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز جلسے سے خطاب کے لیے منڈی بہاالدین پہنچیں جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

مریم نواز نے منڈی بہاالدین پہنچنے کے بعد ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘مجھے خطاب کی جگہ پہنچے ہوئے 50 منٹ ہوگئے ہیں لیکن ہجوم کی وجہ سے میں گاڑی میں موجود ہوں’۔

منڈی بہاالدین روانگی سے قبل مریم نواز نے کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ‘منڈی بہاؤالدین کے عوام کو بتانا چاہتی ہوں یہ جتنی مرضی پابندیاں لگائیں، جلسہ ہونے دیں یا نہ ہونے دیں میں منڈی بہاؤالدین جارہی ہوں اور کارکنوں سے ضرور ملاقات ہوگی’۔