اس بڑی کمی کے بعد شرح سود کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی ہے،آنے والے دنوں میں مزید کمی کا امکان

کراچی: ملک میں بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیوں کے باعث شرح سود میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کو اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے شرح سود میں مزید اڑھائی فیصد کمی کردی ہے۔ اس کمی کے بعد
شرح سود 15 فیصد کی سطح پر آگئی۔
پیر کو اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کے اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ کو250 بی پی ایس کم کرکے 15 فیصد کردیا، پچھلے ایم پی ایس اجلاس کے بعد مہنگائی توقع سے زیادہ تیزی سے کم ہوئی ہے اور اکتوبر میں اپنے وسط مدتی ہدف کے قریب پہنچ گئی۔
زری پالیسی کمیٹی کی جانب سے کہا گیاہے کہ سخت زری پالیسی موقف مہنگائی میں کمی کے رجحان کو برقرار رکھنے میں بدستور کردار ادا کررہا ہے، غذائی مہنگائی میں تیزی سے کمی، تیل کی سازگار عالمی قیمتوں اور گیس ٹیرف اور پی ڈی ایل ریٹس میں متوقع ردوبدل کی عدم موجودگی نے ارزانی کی رفتار بڑھا دی۔
کمیٹی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ زری پالیسی موقف مہنگائی کو 5-7 فیصد ہدف کی حدود میں رکھتے ہوئے پائیدار بنیادوں پرقیمتوں کے استحکام کا مقصد حاصل کرنے کے لیے مناسب ہے، زری پالیسی موقف سے معاشی استحکام کو تقویت ملے گی اور پائیدار بنیاد پر معاشی نمو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل شرح سود 21.5 فیصد تھی جو مسلسل کم ہوتے ہوتے اب 15 فیصد پر آگئی ہے جس میں آنے والے دنوں میں مزید کمی کی توقع ہے۔ شرح سود میں مسلسل کمی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک کی معاشی حالت بہتر ہورہی ہے۔
اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں اڑھائی فیصد کمی کا اعلان




