یکساں جنرل سیلز ٹیکس کیخلاف  پورے ملک میں تاجر سراپا احتجاج

یکساں جنرل سیلز ٹیکس کیخلاف  پورے ملک میں تاجر سراپا احتجاج، لاہور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تاجروں کی ہڑتال کے باعث مارکیٹیں بند ہیں۔

یکساں جنرل سیلز ٹیکس  کے نفاذ کیخلاف  احتجاج کرتے ہوئے ہول سیلرز اورٹریڈرزکاروبار بند کرکے سڑکوں پر آگئے ، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں مارکیٹیں بند ہیں۔

فیصل آباد میں ایمبرائیڈری یونٹس کی گیارہویں اور پراسیسنگ ملز کی ساتویں روز بھی  تالہ بندی ہے ، ہول سیلرزاور ٹریڈرز کی بھی شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے جب کہ انجمن تاجران نے بھی  دو روز کےلیے دکانیں بند رکھنے کاعلان  کر رکھا ہے، تاجران  نے گھنٹہ گھر چوک میں احتجاجی کیمپ لگا لیا۔

پولیس نے کارخانہ بازار فیصل آباد میں تاجروں کے کیمپ پردھاوا بول دیا ، پولیس نے شامیانے اکھاڑ دیے اور سامان بھی پھینک دیا، تاجروں نے احتجاجاً دھوپ میں کرسیاں لگا لیں، ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان بھی کردیا۔

گوجرانوالہ میں بھی آج اور کل تمام مارکیٹیں بندرہیں گی،شہر بھرمیں تاجروں نے احتجاج اور ہڑتال کے بینزرز آویزاں کردئے،پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

تاجروں اور صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت 17 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ پر نظر ثانی کرے،شناختی کارڈ کی شرط بھی ختم کی جائے۔