
اگر آپ طیارہ اڑانے کی تربیت لے رہے ہو مگر پہلی ہی کلاس میں انسٹرکٹر کے بیمار ہونے پر لینڈنگ کرنا پڑجائے تو کیا ایسا کرپائیں گے؟
ایسی صورت میں جب آپ کی فیملی بھی آپ کے ساتھ ہو
ویسے تو یہ خیال کافی ڈرا دینے والا ہے مگر آسٹریلیا میں ایک شخص نے ایسا کردکھایا۔
جی ہاں میکس سلویسٹر نامی شخص سنگل انجن سیسنا طیارے کے کاک پٹ میں اپنی بیوی اور 3 بچوں کے ساتھ پہلی بار داخل ہوا اور اسے اڑانے کی تربیت کے ساتھ ساتھ اسے لینڈ کرنے پر بھی مجبور ہوگیا۔
اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انسٹرکٹر رابرٹ مولارڈ پرواز کے دوران اچانک بے ہوش ہوگیا اور میکس سلویسٹر کے پاس 2 نشستوں والے طیارے کو خود لینڈ کرنے علاوہ کوئی چارہ نہ رہا۔
اس نے مغربی آسٹریلیا میں ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ان کی رہنمائی میں طیارے کو زمین پر اتار لیا۔
جب میکس نے رابطہ کیا تو ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پہلا سوال پوچھا ‘کیا ااپ طیارے کو اڑانا جانتے ہیں؟’
جس پر میکس نے جواب دیا ‘یہ میری پہلی کلاس ہے’۔
میکس سلویسٹر نے لگ بھگ ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد طیارے کو پرتھ کے ایک ائیرپورٹ میں حفاظت سے اتار لیا اور اس پورے عمل کے دوران کنٹرول ٹاور کی جانب سے اسے پرسکون رکھنے کی کوشش کی گئی۔
اسے کہا گیا ‘آپ بہترین کام کررہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ یہ بہت پرتناﺅ ہے، مگر آپ زبردست طریقے سے کام کررہے ہیں اور ہم آپ کی مدد کرتے رہیں گے’۔
انسٹرکٹر کو طیارے کی لینڈنگ کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب اس کی حالت بہتر ہے۔
فلائنگ اسکول کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کسی اناڑی کو تربیت کے دوران پہلی کلاس میں ہی طیارہ خود اتارنا پڑا اور اس حوالے سے میکس کی اہلیہ کی ذہنی مضبوطی قابل ستائش ہے۔
اپنے اس حیرت انگیز اور غیرمعمولی آغاز کے باوجود میکس سلویسٹر کو پائلٹ بننے کے سرٹیفکیٹ کے لیے ابھی کافی مراحل سے گزرنا ہوگا۔


