چین سی پیک کو توسیع دینے اور اعلیٰ معیاری نمو کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا،چینی وزارت خارجہ

 

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چینی وزارت خارجہ نے پاک چین اقتصادی کوریڈور (سی پیک) کو عملی تعاون کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین سی پیک کو توسیع دینے، اعلیٰ معیاری نمو کے حصول اور دونوں ممالک اور خطہ کے مفاد کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جنگ شوانگ نے منگل کو بلوچستان میں بڑے توانائی منصوبے کی تکمیل سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین سی پیک کو توسیع دینے اور اعلیٰ معیاری نمو کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت چائنا پاور حب جنریشن کمپنی نے کوئلہ سے چلنے والے 1320 میگاواٹ پاور منصوبے کی آزمائشی آپریشنل کام مکمل کر لیا ہے اور اب صوبہ بلوچستان میں کمرشل آپریشن کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سی پیک کے تحت توانائی کا اہم منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کے لاکھوں عوام کی توانائی ضروریات کو پورا کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار سٹرٹیجک شراکت دار ہیں اور سی پیک دونوں ملکوں کے مابین عملی تعاون کی علامت ہے۔