پاکستان ریلوے کا سیاحت کے فروغ کے لیے بڑا فیصلہ ، سیاحتی مقامات تک سٹیم سفاری ٹرین چلائی جائے گی

اسلام آباد:پاکستان ریلوے نے ملک میں سیاحت کوفروغ دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا،ملک بھر کے سیاحتی مقامات تک سفاری ٹرین چلائی جائے گی،

پہلی سٹیم سفاری ٹرین راولپنڈی ڈویژن میں چلائی جائے گی جس میں غیرملکی سفارتکاروں سمیت نامورشخصیات کوسیرکرائی جائے گی ،سفاری ٹرین گولڑہ ریلوے میوزیم اور اٹک خورد تک غیرملکی سفارت کاروں اور نامور شخصیات کولے کرجائے گی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان ریلوے نے ملک میںسیاحت کوفروغ دینے کے لیے اپنے سٹیم لوکو موٹو(بھاپ سے چلنے والے انجنوں) کوملکی اور غیرملکی سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کافیصلہ کرلیاہے جن کوسٹیم سفاری ٹرین کانام دیاجائے گا،

پاکستان ریلوے نے فیصلہ کیاہے کہ پاکستان کا سافٹ امیج بہتر بنانے کے لیے سیاحتی ٹرین چلانے سے پہلے غیرملکی سفارتکاروںاور نامور شخصیات کوسٹیم انجن لگاکر ان کوسیرکرائی جائے اس حوالے سے متعلقہ حکام کواگلے ماہ نومبرمیں تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں

غیرملکی سفارت کاروںاور نامورشخصیات کوراولپنڈی ریلوے سٹیشن سے سفاری ٹرین میں سوار کیاجائے گااور ٹرین گولڑہ ریلوے سٹیشن پر رکے گی جہاں پر مہمانوں کو ریلوے میوزیم کادورہ کرایاجائے گا اس کے بعد مہمانوں کودوبار ہ سفاری ٹرین میں بٹھاکراٹک خورد لے جایاجائے گا جہاں پر ان کے لیے کھانے کااہتمام کیاجائے گا ۔اور اسی روٹ پر مہمانوں کوواپس راولپنڈی لایاجائے گا۔اس وقت ریلوے راولپنڈی ڈویژن کے پاس ایک فعال سٹیم لوکوموٹو(انجن) موجودہے۔ جبکہ اس دوران ایک لاہور میں زیرمرمت سٹیم ایجن بھی راولپنڈی ڈوپژن کومل جائے گا۔