سعودی عرب کی ‘دھمکی’ پر پاکستان، ملائیشیا سمٹ سے دستبردار ہوا، اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو دھمکی دی تھی کہ کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت کی صورت میں اسٹیٹ بینک میں رکھی ہوئی رقم کو واپس نکال لیا جائے گا۔
ترک اخبار صباح کی رپورٹ کے مطابق اردوان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مخصوص معاملات پر کسی ملک پر دباؤ ہو۔ترک صدر اردوان کے حوالے سے رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا کہناتھا کہ ‘سعودی حکومت نے دھمکی دی تھی کہ سمٹ میں شرکت کی صورت میں پاکستان کے مرکزی بینک سے رقوم نکال لیں گے’۔سعودی عرب کی دھمکی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘ سعودی حکومت نے دھمکی دی کہ 40 لاکھ پاکستانی ورکرز کو واپس بھیج دیا جائے گا اور ان کی جگہ بنگلہ دیش کے شہریوں کو ویزے دیے جائیں گے’۔رپورٹ کے مطابق اردوان نے ترک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کو معاشی دشواریوں کے باعث سعودی عرب کی خواہشات پر عمل کرنا پڑا’۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں مسلم ممالک کے رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جہاں دنیا بھر میں مسلمانوں کے مسائل اور دیگر امور پر غور کیا جارہا ہے۔
پاکستان نے عین وقت پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تحفظات کے سبب چار روزہ اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔کہا جارہا ہے کہ انڈونیشیا کو بھی کچھ ایسے ہی مسائل کا سامنا تھا جس کی وجہ سے اس نے بھی اس کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔