وزیراعظم عمران خاں سے استعفے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور:وزیراعظم عمران خاں سے استعفے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔

مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کروائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا تقریباً ڈیڑھ سال مکمل ہونے کو ہے لیکن عوام کے لیے یہ عرصہ ہر لحاظ سے بدترین ثابت ہوا ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے۔ملک بھر میں بے روزگاری،بھوک اور مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے۔ملکی معیشت مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہے ڈالر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

بجلی اور گیس کی قیمتیں امن وعامہ صحت،تعلیم کی حالت روز بروز زبوں حالی کا شکار ہے۔متن میں مزید کہا گیا کہ سانحہ ساہیوال ہو یا چونیاں میں بچوں سے درندگی کے واقعات حکومت ہر لحاظ سے ناکام رہی ہے۔

ڈکیتی،راہزنی قتل و غارتگری کی بڑھتی وارداتیں حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیںجبکہ حکومت کی تمام تر ترجیحات سیاسی مخالفین پر من گھڑت مقدمات قائم کرکے گرفتار کرنے پر مرکوز ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی قابل تحسین پالیسی نہیں بنائی جس سے عام آدمی کی معیار زندگی قابل رحم حد تک بگڑ چکا ہے،غریب آدمی کا جینا تو کیا مرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

عمران نیازی نے بے شمار جھوٹ اور وعدہ خلافیاں کرکے قوم کو دھوکا دیا ہے۔پنجاب اسمبلی کا مقدس ایوان موجودہ حکومت کی ابتک کی کارکردگی پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت کی ناکامی پر وزیراعظم عمران خاں فی الفور مستعفی ہوں تاکہ معیشت کو مزید تباہی سے بچایا جاسکے۔