
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی جائیداد کی نیلامی روکنے کی درخواست کو مسترد کردیا، جس کے ساتھ ہی قومی احتساب بیورو (نیب) کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی جائیداد کی نیلامی کی اجازت مل گئی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحٰق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحٰق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
واضح رہے کہ اسحٰق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحٰق نے سابق وزیرخزانہ کی جائیداد کی قرقی و نیلامی کو چیلنج کیا تھا اور اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ اسحٰق ڈار نے لاہور کی یہ جائیداد انہیں تحفے میں دی تھی۔
تاہم تبسم اسحٰق عدالت میں اس جائیداد کے تحفے میں ملنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکیں، جس کے بعد عدالت نےمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی درخواست کو مسترد کردیا۔
ساتھ ہی عدالت نے گھر پر چھاپے کے دوران بنائی گئی نیب کی ویڈٰو کی فراہمی سے متعلق بھی درخواست کو مسترد کردیا جبکہ تبسم اسحٰق ڈار کی اکاؤنٹس سے رقوم نکلوانے کی درخواست پر بھی فیصلہ موخر کردیا، جسے 13 نومبر کو سنایا جائےگا۔
خیال رہے کہ نیب نے سابق وزیر خزانہ کے خلاف مبینہ طور پر آمدنی سے زائد اثاثہ جات بنانے کا ریفرنس دائر کیا تھا جس میں انہیں مفرور قرار دیا گیا تھا اور ان کی اثاثے منجمد کرنے کے احکامات دیے گئے تھے جس پر گزشتہ برس اکتوبر میں تبسم اسحٰق ڈار نے جائیداد کی بحالی کی استدعا کی تھی۔
واضح رہے کہ 2 اکتوبر 2018 کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ کی جائیداد پنجاب حکومت کے حوالے کر کے اس کی نیلامی کا حکم دیا تھا۔
جس پر تبسم اسحٰق ڈار نے جائیداد کی ضبطی کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ گلبرگ میں موجود یہ گھر ان کے شوہر نے 14 فروری 1989 کو زبانی طور پر ان کے حق مہر کی ادائیگی میں بطور تحفہ دیا تھا جس کے بعد سے وہ یہاں رہائش پذیر تھیں، نیب نے غلط طورپر اسے اسحٰق ڈار کی جائیداد کا حصہ دکھایا۔
انہوں نے احتساب عدالت سے استدعا کی کہ مذکورہ جائیداد کی نیلامی روک دی جائے، تاہم نیب کا کہنا تھا کہ یہ گھر ریونیو ریکارڈ کے مطابق اسحٰق ڈار کے نام پر رجسٹر ہے اور اب تک ان کی اہلیہ کے نام منتقل نہیں ہوا۔
نیب کی جانب سے ضبط کیے گئے اثاثوں میں لاہور گلبرگ 3 میں واقع گھر، لاہور کی ہی الفلاح ہاؤسنگ سوسائٹی میں 3 پلاٹس، اسلام آباد میں 6 ایکڑ زمین، پارلیمنٹ انکلیو میں 2 کنال کا پلاٹ، سینیٹ کووآپریٹو سوسائٹی میں ایک پلاٹ، اسلام آباد میں 2 کنال اور 9 مرلہ کے 2 پلاٹس جبکہ 6 گاٖڑیاں بھی شامل تھے۔




