جاوید میانداد بھی عمران خان کے روئیے سے نالاں ،وزیراعظم کو کھری کھری سنادیں

میں آپ کاکپتان تھا آپ میرے کپتان نہیں تھے، میں سیاست میں آوں گا اور بتاوں گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے

اللہ معاف کرے آپ پتہ نہیں کیا بن گئے ہیں۔ لگ رہا ہے آپ خدا بنے بیٹھے ہو۔ آپ کو ملک کا خیال ہی نہیں

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ماضی میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جاوید میانداد بھی عمران خان کے روئیے سے نالاں ،وزیراعظم کو کھری کھری سنادیں، اپنے یو ٹیوب چینل پر ایک انٹرویو میں1992کے ورلڈ کپ کی ٹیم رکن جاوید میاں داد نے کہا کہ اللہ معاف کرے آپ پتہ نہیں کیا بن گئے ہیں۔ لگ رہا ہے آپ خدا بنے بیٹھے ہو۔ آپ کے علاوہ کوئی پاکستانی آکسفورڈ اور کیمرج گیا ہی نہیں ہے۔ جن لوگوں کو پی سی بی میں لائے ہیں ان کے بارے میں سوچو کہ کون کھاتا ہے اور کون نہیں،عمران خان کو ملک کا خیال ہی نہیں ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو متنبہ کیا ہے کہ میں آپ کاکپتان تھا آپ میرے کپتان نہیں تھے، میں سیاست میں آوں گا اور بتاوں گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے۔اب میں سیاست پربھی بات کروں گا، صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہوں گا،کرکٹ میں عمران خان کو چلانے والا میں تھا، میں نے عمران کو وزیر اعظم بنوایا تھا۔
انہوں نے احسان مانی کا نام لیے بغیر کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ اس نے آپ کی کیا مدد کی تھی۔ آپ میرے گھر آکر وزیر اعظم بن کر گئے تھے۔ وزیر اعظم اس کی تردید کرکے دکھائیں۔ میرے دوست اب مجھے طعنے دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہ آپ سے ملنے کی ضرورت ہے اور نہ آپ کے پاس آنے کی ضرورت ہے۔میں سب کو کہتا ہوں کہ پاکستانی بن کر رہو۔ سرفراز احمد کے ساتھ سلوک درست نہیں ہے۔ کراچی اور لاہور کی کرکٹ میں دوبارہ باتیں ہورہی ہیں یہ نقصان دے چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان روز گار دے نہیں سکتے کھلاڑیوں کو بے روز گار کردیا ہے۔کھلاڑیوں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔جیو اور جینے دو،پاکستانیوں اور پاکستان کو فروغ دیں۔میری بات پوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔
جاوید میاں دادکا کہنا تھا کہ پاکستان میں عظیم کرکٹرز اور قابل کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز موجود ہیں پھر بیرون ملک سے لوگوں کو پاکستان لاکر کرکٹ چلانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں جاہل لوگ بیٹھے ہیں جنہیں کرکٹ کا پتہ نہیں ہے۔ایسے لوگوں کو کرکٹ کی الف ب کا پتہ نہیں ہے۔جو ملک کے لئے غلط کریں گے میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے پی سی بی چیئر مین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا براہ راست نام لینے سے گریز اور کہا کہ اگر وہ چوری کرکے بھاگ جائیں گے تو انہیں کون پکڑے گا۔اگر پاکستان میں قابل لوگ نہیں ہیں تو پھر آپ باہر سے ضرور لائیں۔
یادرہے کہ جاوید میانداد کچھ عرصہ سے وزیراعظم عمران خان نے ملنے کیلئے کوششیں کر رہے تھے لیکن انہیں وقت نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا بھی تھا کہ وہ وزیراعظم کو کچھ مشاورت دینا چاہتے ہیں لیکن انہیں ملاقات کے لئے وقت نہ مل سکا۔