اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن کراچی کمپنی میں نوجوان لاریب کے قتل کے وقت موقع پر موجود خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق علینہ نامی خاتون 2 روز قبل نوجوان لاریب کے قتل کے وقت موقع پر موجود تھی، خاتون کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علینہ کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے علینہ کو گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعرات کی رات کراچی کمپنی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع جی نائن ون میں پولیس اپارٹمنٹ کے قریب ایک حساس ادارے کے آفیسر لاریب کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: حساس ادارے کے افسر کا قتل
موٹرسائیکل سوار شوٹرز نے حساس ادارے کے افسر کو اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا جب وہ نجی ائیرلائن کی فضائی میزبان کے ساتھ ایک باغ میں بیٹھا ہوا تھا، آفیسر کو سر میں گولیاں لگیں جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔


