
ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کی شادی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کے بیٹے اسد الدین کے ساتھ ہوئی۔
ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے رواں سال اکتوبر میں تصدیق کی تھی کہ ان کی بہن دسمبر میں شادی کرنے جارہی ہیں اور اب ان کی شادی کی تقریبات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آگئیں۔
گزشتتہ ایک سال سے ان کی شادی کے متعلق خبریں میڈیا میں سامنے آتی رہی ہیں۔
جوڑے نے اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز خود بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیں۔
ثانیہ مرزا نے خود بھی اپنی بہن کی شادی کی تصاویر شیئر کی، اس موقع پر وہ اپنے بیٹے کے ساتھ نظر آئیں البتہ ان کے شوہر کرکٹر شعیب ملک تقریب کا حصہ نہیں بنے۔
البتہ شعیب ملک نے اپنے بیٹے کی تصویر مداحوں کے ساتھ ضرور شیئر کی۔
شادی کے موقع پر ثانیہ مرزا نے سبز رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا، جبکہ اس کے ساتھ بھاری زیور پہنے۔
خیال رہے کہ 25 سالہ انعم مرزا عمر میں ثانیہ مرزا سے 7 سال چھوٹی ہیں، انہوں نے رواں سال اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پیرس میں لی گئی تصاویر شیئر کی تھی، جس کے بعد سے ان کی شادی سے متعلق افواہیں سامنے آئیں۔
اسدالدین بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر انعم کے ہمراہ کئی تصاویر شیئر کرچکے ہیں۔
یہ انعم مرزا کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی شادی 2016 میں بزنس مین اکبر رشید سے ہوئی تھی، تاہم 2018 میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا کی شادی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کے ساتھ اپریل 2010 میں ہوئی تھی۔





