
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے استعفٰی اور نئے ڈی جی واجد ضیا کی آمد کے ساتھ ہی ایف آئی اے مسلم لیگ نے کے خلاف متحرک ہوگئی ہے۔ منگل کو ایف آئی اے نے عطا اللہ تارڑ اور عظمی بخاری کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما سینٹر پرویز رشید کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں پرویز رشد کو 30 دسمبر بروز پیر صبح 11 بجے ایف آئی اے زونل آفس لاہور میں پیش ہونے کے لیے کہا ہے ۔نوٹس میں ن لیگی سینیٹر سے کہا گیا ہے کہ آپ مقدکے کے حقائق اور حالات سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ایف آئی اے نے نوٹس میں یہ بھی کہاہے کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں آپ کے خلاف یکطرفہ کارروائی شروع کردی جائے گی ۔
اس سے قبل ایف آئی اے ن لیگ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطا اللہ تارڑ اور رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کی طلبی کے نوٹسز جاری کرچکی ہے۔ عطا اللہ تارڑ کو سائبر کرائم مقدمے میں تحقیقات کےلیے 27دسمبر بروز جمعہ دن 11 بجے طلب کیا ہے۔دوسری طرف جج ویڈیو اسکینڈل میں عظمیٰ بخاری کو 30دسمبر بروز پیر کو شام 4 بجے ایف آئی اے زونل آفس لاہور میں طلب کیا ہے۔



