مولانا کے ساتھ جس نے وعدہ کیا تھا وہ منظر عام پر آنا چاہیےچودھری نثار سردی میں گرمی تلاش کرنے لندن گئے ہیں، ندیم افضل چن

اسلام آباد:وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ مولانا کے ساتھ جس نے وعدہ کیا تھا وہ منظر عام پر آنا چاہیے،
مریم نوازکو روکنے کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی، خدشہ ہے کہ اسحاق ڈار کی طرح مریم بھی وہاں بیٹھ نہ جائیں، چودھری نثارجولائی میں لندن جاتے تھے تاہم اس مرتبہ وہ سردی میں گرمی تلاش کرنے کے لیے وہاں گئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ چودھری نثار اور نوازشریف میں صلح ہوتی ہے تو اچھی بات ہے،
اچھا ہے کہ اپوزیشن ملک آئے اور سیاست کرے۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ کسی کے اشارے پراسلام آباد آئے تھے، ان کیساتھ جس نے وعدہ کیا تھا وہ منظرعام پر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز وضاحت دیں وہ لندن کیوں جانا چاہتی ہیں؟ وہ ملک میں رہیں اور یہاں جلسے کریں،وہ خاموش کیوں ہیں؟ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ مریم نوازکو روکنے کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی، حکومت کوخدشہ ہے کہ اسحاق ڈار کی طرح مریم بھی وہاں بیٹھ نہ جائیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت گرانے کی باتیں افواہیں ہیں، ان پر توجہ نہ دی جائے، ایسی تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔ جمہوریت اور اداروں کو چلنے دیا جائے، پی ٹی آئی کو مدت مکمل کرنے دیا جائے۔
ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پر تنقید ہو لیکن سازشیں نہیں چلنی چاہیے، بلاول بھٹو ہو یا کوئی اور غیر پارلیمانی زبان کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، حکومت پر تنقید ضرور کریں لیکن زبان میں شائستگی ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہی ہے، یوٹیلٹی اسٹورکا ایم ڈی نجی شعبے سے لگایا گیا ہے جو بہترین کام کررہے ہیں۔