نریندرمودی کا جنگی جنون اور انتہاپسندانہ اقدامات ہندوستان کی تباہی کا عنوان بنیں گے، عبدالرشید ترابی

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندرمودی کا جنگی جنون اور انتہاپسندانہ اقدامات ہندوستان کی تباہی کا عنوان بنیں گے ،مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ساڑھے چھ ماہ سے مسلسل لاک ڈائون پوری دنیا کے زندہ ضمیر انسانوں کے لیے بڑا چیلنج ہے ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انسانی حقوق کی تنظیموںکے ہمراہ مقبوضہ کشمیر کادورہ کریں ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ،ہندوستان اقوام متحدہ کے چیپٹر7کے مطابق فوجی مداخلت کے لیے فٹ بیٹھتا ہے ،امانت اور دیانت کی بنیاد پر کاروبار ترقی بھی کرتا ہے اور برکت بھی ہوتی ہے ،کاروبار سنت بھی ہے اور حلال رزق کمانے کا بڑا ذریعہ ،ان خیالات کااظہار انہوں نے بیس بگلہ سے تعلق رکھنے والے راجہ اصغر اینڈ برادرز کی طرف سے کاروباری مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق سیکرٹر ی جنرل جماعت اسلامی محمود الحسن چودھری،صدر جے آئی یوتھ نثار احمد شائق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے کاروبار میں برکت رکھی ہے شرط یہ ہے کہ کاروبار میں امانت اور دیانت کا خاص خیال رکھا جائے اسلامی اصولوں کے مطابق کاروبار کیا جائے تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت دیتے ہیں اور کاروبار پھلتا پھولتا ہے ،دنیا میں جو بھی کاروبار میں آگے بڑھے ہیں انہوں نے امانت اور دیانت پر کوئی کمپرمائز نہیں کیا ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ جماعت اسلامی آزادکشمیر میں میرٹ کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے ہماری کوشش ہے کہ جس طرح محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر کی جارہی ہیں اسی طرح دیگر محکموں کے اندر بھی این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر تقرریاں کی جائیں ،انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں پہلی بار ہماری کوشش اور کاوش کے نتیجے میں میرٹ قائم ہوا اور غریب لوگوں کو روزگار ملا انہوں نے کہاکہ اسمبلی کے اند ر قرآن کی تعلیم لازمی قراردلوانے تیرویں آئینی ترمیم ،شریعت اپیلٹ بینچز اور ختم نبوت ۖ جیسے قوانین پاس کروانے میں ہمارا اہم کردار رہا ہماری کوشش ہے کہ آزادکشمیر ایک ماڈل اسلامی ریاست بنے جہاں ہر فرد کو انصاف فراہم ہو پرچی اور رشوت کا نظام ختم ہو تا کہ ہم اسلامی اصولوں کے مطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں انہوں نے کہاکہ یہ خطہ ہمارے اسلاف نے قربانی دے کر اس لیے آزاد کرویا تھا یہ یہاں اللہ کے دئیے ہوئے قوانین کا نفاذ ہو اور نظام عدل کا قیام ہو آج بقیہ کشمیرکی آزادی کے لیے بھی جو قربانیاں پیش کی جارہی ہیں اس کے پیچھے یہی مقصد کار فرما ہے ۔