انڈونیشیاء جنوب مشرقی ایشیاء میں کورونا سے ہونے والی اموات میں سب سے آگے

 

 

آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک انڈونیشیاء جنوب مشرقی ایشیاء میں کورونا سے ہونے والی اموات میں سب سے آگے ہے۔ انڈونیشیاء میں کرونا سے ہونے والی اموات کی شرح 9.1 فیصد ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 2 مارچ کو انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے 2 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے جو اب بڑھ کر تقریبا 2 ہزار تک پہنچ گئے ہیں جبکہ امریکی یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اموات 191 ہوگئی ہیں۔الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان اموات کے بعد یہ ملک جنوب مشرقی ایشیا میں کورونا وائرس سے اموات کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہوگیاہے۔ اس حوالے سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق جمعہ تک دنیا میں 5.2 فیصد اموات کی شرح کے مقابلے میں انڈونیشیا میں موت کی شرح 9.1 فیصد پر موجود ہے۔
اسی کے برعکس فلپائن میں یہ شرح 4.5 فیصد جبکہ ملائیشیا میں 1.6 فیصد ہے تاہم ان دونوں ممالک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد زیادہ ہے اور دونوں ملکوں میں 3، 3 ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں انڈونیشیا کے سرکاری اخبار کومپاس کی ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وائرس سے سب سے زیادہ دارالحکومت جکارتہ متاثر ہے اور وہاں 95 صحت ورکرز اس وائرس سے متاثر ہوئے،علاوہ ازیں انڈونیشیا کی حکومت نے بتایا کہ صرف 2 اپریل کو کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے۔
جنوری اور فروری میں ایک بھی متاثرہ فرد نہ ہونے کے باوجود مارچ میں اندونیشیا میں اچانک تیزی دیکھی گئی۔ماہرین کے مطابق دنیا کے آبادی کے حساب سے چوتھے بڑے ملک میں پھیلا ہوا صحت کا نظام، حفاظتی تحفظ کے سامان کی کمی اور ٹیسٹنگ کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس سے اموات کی تعداد زیادہ ہوئیں۔