
پاکستانی سنیما پر ایک او رقدغن لگا ہے، سال کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پاکستانی فلم نامعلوم افرادٹو کی پنجاب میں نمائش پر پابندی لگادی گئی ہے۔پانچ ہفتے سے شاندار بزنس کر نےوالی پاکستانی فلم نامعلوم افراد 2 کی پاکستانی سنیما میں نمائش پر پنجاب سنسر بورڈ نے پابندی لگا دی ہے ،یہ موقف اختیار کیاگیاہے کہ فلم کے خلاف شکایات موصول ہورہی ہیں،اس ضمن میں پنجاب سنسر بورڈ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔یہ وہی پنجاب سنسر بورڈ ہے جس نے فلم کو پہلے سنسر سرٹیفکیٹ جاری کردیاتھا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سنسر بورڈ کے اراکین نے فلم کو پاس کرتے ہوئے کیوں اعتراض نہیں اٹھایا اور اب جبکہ فلم شاندار بزنس کر رہی ہے تو فلم کی پنجاب بھر میں نمائش پر پابندی لگا دی گئی ہے۔اگر پاکستانی فلموں کی نمائش پر اسی طرح بلاجواز پابندی لگتی رہی تو پروڈیوسرز کسی بھی پاکستانی فلم کو بناتے ہوئے 10بار سوچیں گے اوریہ پاکستانی سنیما اور فلموں کے مستقبل پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہوگا۔فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اپنا حکم واپس لے، فلم نامعلوم افراد 2 سینسر سمیت پورے مراحل سے گزر کر ریلیز ہوئی، فلم نے پنجاب سمیت پورے ملک میں 20 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلم کی ابھی بھی اسلام آباد اور کراچی سمیت سندھ بھر میں نمائش جاری ہے، اس طرح کے فیصلوں سے پہلے سے مشکل میں آئی ہوئی پاکستانی فلم انڈسٹری اور سینما مالکان تباہ ہوجائیں گے۔




