ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے چین کے سفیر یائوجنگ کی ملاقات کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے علاوہ علاقائی اور عالمی نوعیت کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے چین کے سفیر یاجنگ نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے علاوہ خطے، علاقائی اور عالمی نوعیت کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر چین کے سفیر نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے چین کی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کرونا وائرس کے باعث درپیش مسئلے پر چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ڈپٹی چئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی چیلنج بن چکا ہے اور اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔انھوں نے کہا کہ معیشتوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور سماجی سطح پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں تاہم امید ہے کہ جلد اس وائرس پر مکمل قابو پا لیا جائے گا ۔انہوں نے چین کی جانب سے دی جانے والی معاونت پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔