سندھ پولیس کے مزید 36افسران و اہلکاروں میں کرونا کی تصدیق تعداد 151ہوگئی ، ملک بھر میں کرونا مریضوں کی تعداد تیس ہزار سے بڑھ گئی

سندھ میں گزشتہ دو روز کے دوران پولیس کے افسران سمیت مزید 36 جوانوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد متاثرہ پولیس اہلکاروں کی تعداد 151 ہوگئی ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً151 افسران اور جوان کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ دو روز کے دوران 36 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا کے خلاف احتیاطی تدابیر کے لیے لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کی خاطر اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران دو پولیس اہلکاروں نے شہادت پائی جبکہ اس وقت زیرعلاج افسران اور جوانوں کی تعداد 119 ہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ 29افسران اور جوان صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ زیر علاج ایک سب انسپکٹر کی حالت تشویش ناک ہے۔ کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔کورونا وائرس کے خلاف ہراول دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ترجمان سندھ پولیس نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 115 ہوگئی ہے جن میں سے 97 زیرعلاج ہیں۔
پولیس ذرائع نے کہا تھا کہ وائرس کا شکار ہونے والے اہلکاروں میں 2 انسپکٹرز اور 2 سب انسپکٹرز بھی شامل ہیں جبکہ دیگر مختلف علاقوں میں تعینات ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹییبلز ہیں۔
سندھ میں اس وقت کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 11 ہزار 480 ہوگئی ہے جو پنجاب سے بھی زیادہ ہیں جہاں اب تک 11 ہزار 93 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں مزید 9 اموات کی بھی تصدیق ہوئی ہے اور یہ تعداد 189 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 30 ہزار 174 ہوگئی ہے جبکہ 648 لوگ اس وائرس سے انتقال بھی کرگئے ہیں اور صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 23 ہے۔