ایم ٹیگ کے بعدبنا کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کا بھی موٹروے پر داخلہ بند

غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے موٹروے پر داخلے کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا،موٹروے پر سفر کرنے والے شہریوں کو خبردار کر دیا گیا

لاہور : موٹروے پولیس کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اور غیر کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے مالکان کو خبردار کیا گیا ہے کہ بنا کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ بند کر دیا گیا ہے اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے موٹروے پر داخلے کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا،
موٹروے پولیس حکام کے مطابق ایسی گاڑیاں جو غیر رجسٹرڈ ہوں یا جن پر کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس آویزاں نہ ہوں، ان گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ وارننگ دی گئی ہے کہ اگر کوئی غیر رجسٹرڈ یا غیر کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹ والی گاڑی موٹروے پر پکڑی گئی، تو قانونی کاروائی عمل میں لانے کے علاوہ گاڑی کو اگلے انٹرچینج پر موٹروے سے نکال دیا جائے گا۔
موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کی سہولت کیلئے اعلان کیا گیا ہے کہ جن گاڑیوں کے مالکان نے متعلقہ رجسٹریشن اتھارٹی کو کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹ کے حصول کیلئے درخواست دے رکھی ہو اور ان کے پاس مطلقہ رجسٹریشن اتھارٹی کی رسید موجود ہو،ا تو ایسی گاڑیوں کو رسید حاصل کرنے کے صرف 30 یوم تک موٹروے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ یہاں واضح رہے کہ اس سے قبل 7 دسمبر سے موٹروے پر ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کیا جا چکا۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو 6 دسمبر تک اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کا حکم دے رکھا تھا اور شہریوں کو وارننگ دی تھی کہ 6 دسمبر تک ایم ٹیگ کی خریداری نہ کرنے والے شہریوں کی گاڑیوں کو 7 دسمبر کو موٹروے پر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ بنا فٹنس سرٹیفیکیٹ کے موٹروے پر داخل ہونے والی گاڑیوں کیخلاف بھی کریک ڈاون کیا جا رہا ہے۔