پاکستان سٹیل ملز سونے کی کان ہے مگر اس اہم قومی ادارے کو انتہائی بے دردی کے ساتھ لوٹا گیا ،لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم

اسلام آباد؛سینٹ کی مجلس قائمہ برائے دفاعی پیداوار کے چئیرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہسٹیل ملز کے دس ہزار کے قریب محنت کشوں کو فارغ کرناغیر قانونی، اخلاقی اور غیر انسانی ہے۔ نجکاری کرتے ہوئے قومی مفادات اور ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جانا ضروری ہے،معاملہ سینٹ میں اٹھائوں گا۔ وہ انصاف لیبر یونین،سی ڈی اے پاکستان سٹیل ملز کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے جنرل سیکرٹری عبدالرزاق کی قیادت میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔انہوں نے کہا پاکستان سٹیل ملز سونے کی کان ہے مگر اس اہم قومی ادارے کو انتہائی بے دردی کے ساتھ لوٹا گیا ہے اور اب موجودہ حکومت کی طرف سے سٹیل ملز کے دس ہزار کے قریب محنت کشوں کو فارغ کرناغیر قانونی، اخلاقی اور غیر انسانی ہے۔ یونین نے اس موقع پر ایک تحریری یاداشت جنرل عبدالقیوم کو پیش کی جس میں بتایا گیا کہ فیکٹری کے 9ہزار350ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کیا جا رہا ہے جو سراسر ظلم ہے۔ جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ بے شک پاکستان سٹیل ملز کو پرائیوٹائز کیا جائے مگرقانون اور قواعد و ضوابط اور فیکٹری ملازمین کو انکی ملازمتوں کا تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز بڑا قومی اثاثہ ہے اور اس کے اثاثے کھربوں روپے ہیں ہیں لہٰذا سٹیل ملز کی نجکاری کرتے ہوئے قومی مفادات اور ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جانا ضروری ہے۔ جنرل عبدالقیوم نے یونین کو یقین دلایا کہ وہ سینٹ میں بھی اس اہم مسئلے کو اٹھائیں گے۔


