
اسلام آباد: وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سی پیک،سیاحت،ہائیڈل پاورکی بدولت پاکستان کی معیشت کے بیس کیمپ اور پاور ہاوس ثابت ہوںگے اور وفاقی حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود ان تمام صلاحیتوںکو عوام کی فلاح وبہبود اور معاشی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کے لیے پر عزم انداز میں کام جاری رکھے گی۔ایک بیان میں انہوں نے کہا گلگت بلتستان میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرکے آغاز ایک کوبہت بڑی کامیابی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان میں توانائی اور پانی کی کمی کے مسائل کو حل کرنے میں بے پناہ مددملے گی۔انہوںنے کہاکہ دہائیوں سے التوا کاشکار رہنے والے قومی اہمیت کے اس منصوبے کے تعمیراتی کام کاآغاز موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے اوریہ کامیابی موجودہ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کے اُس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت ملک کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور مسائل کے حل کو ترجیج دی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ قومی اہمیت کے اس منصوبے کے ماضی میں کئی بار افتتاح کیے گئے لیکن بالآخر حقیقی تعمیراتی کام کے آغاز کا سہرا موجودہ حکومت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مہمند ڈیم، داسو ڈیم اور دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے پاکستان میں توانائی اور پانی کے مسائل کوکافی حد تک حل کرلیا جائیگا جس کے پاکستان کی معیشت خصوصی طورپر زراعت اور انڈسڑی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک میںسستی بجلی کی فراہمی کو ترجیج دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں میں اربوں ڈالرز مالیت کے کوہالہ پاورپروجیکٹ اور آزادپتن پاور پروجیکٹ پر بھی بڑی پیش رفت کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ ان تمام منصوبوں سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے اور ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت معیشت مضبوط ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تمام تر مالی مشکلا ت کے باوجود آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو وافر ترقیاتی فنڈز فراہم کیے ہیں اور ان کے بجٹ میں اضافہ کیا گیاہے۔انہوںنے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سی پیک،سیاحت،ہائیڈل پاورکی بدولت پاکستان کی معیشت کے بیس کیمپ اور پاور ہاوس ثابت ہوںگے اور وفاقی حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود ان تمام صلاحیتوںکو عوام کی فلاح وبہبود اور معاشی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کے لیے پر عزم انداز میں کام جاری رکھے گی۔



