اسلام آباد چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت ” بوستان سپیشل اکنامک زون” شروع کیا جا رہا ہے ۔ جہاں پر سرمایہ کاروں کو مختلف ٹیکس مراعات فراہم کی جائینگی۔ بوستان سپیشل اکنامک زون کے حوالہ سے سرمایہ کاری بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ مشترکہ ترقی کے دور میں ایک خواب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے روٹ پر قائم کیا جانے والا خصوصی اقتصادی زون کوئٹہ ایئرپورٹ سے 16کلو میٹر جبکہ کوئٹہ ڈرائی پورٹ سے صرف 29کلو میٹر دوری پر ہے۔ 200ایکڑ رقبہ پر قائم کئے جانے والے خصوصی زون میں معدنیات کی ریفائیننگ ، فوڈ پراسیسنگ، ادویہ سازی ، انجینئرنگ اور سلاٹرہائوسز پر سرمایہ کاری کا سنہری موقع ہے۔ اتھارٹی زون میں بجلی ، پانی ، گیس کے علاوہ عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گی جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹیکسز سمیت دیگر مراعات بھی حاصل ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی اقتصادی زون سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے جبکہ بوستان اور اس کے ملحقہ علاقوں میں نوجوانوں کو چھ ماہ کے لئے مفت تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ تاکہ وہ پرکشش روز گار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بوستان سپیشل اکنامک زون کے قیام سے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی سمیت روزگار کی فراہمی میں اضافہ ہوگا جبکہ سرمایہ کاری کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

