
ماضی کے عالمی شہرت یافتہ باکسر ملک عبدالعزیز عرف مائیک ٹائیسن نے کا روئے جونز جونیئر کے خلاف رنگ میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے ۔پندرہ برس بعد رنگ میں واپسی کے بعد 12 ستمبر کو ان کا مقابلہ روئے جونز جونیئر سے ہوگا۔
مائیک ٹائیسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں رنگ میں اپنی واپسی کا اعلان کیا۔ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے تمام کھیلوں کے عظیم کھلاڑیوں کو واپسی کرنے کا کہا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مائیک ٹائیسن لاس اینجلس میں 12 ستمبر کو نمائشی مقابلے میں فورڈویژن ورلڈ چمپئن کا سامنا کریں گے۔مقابلہ 8 رانڈز پر مشتمل ہوگا اور اس مقابلے کے نشریاتی حقوق سوشل میڈیا اور میوزک ویب سائٹ ٹریلر نے حاصل کرلیے ہیں جو مقابلے سے قبل تیاریوں کو بھی نشر کرے گا۔سابق عالمی چمپیئن کی رنگ میں واپسی کے موقع پر میوزک بھی ہوگا۔
یاد رہے کہ مائیک ٹائیس نے رواں برس مئی میں اپنی ٹریننگ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی تھی جس پر ان کے مداحوں نے باکسنگ میں واپسی پر زور دیا تھا۔
ویڈیو میں مائیک ٹائیسن کو ڈبلیو بی اے، ڈبلیو بی سی اور آئی بی ایف کے ٹائٹل کو اٹھائے ہوئے دکھایا گیا تھا اور اسی ویڈیو میں پیغام تھا کہ ‘میں واپس آگیا ہوں’۔
بعد ازاں مائیک ٹائیسن کا کہنا تھا کہ وہ خیراتی اداروں کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے رنگ میں واپسی کے خواہاں ہیں جس کے بعد آئرن مائیک کے نام سے مشہور باکسر سے مقابلے کے لیے کئی نام سامنے آگئے تھے۔
خیال رہے کہ ریکار 7 بیلٹ حاصل کرنے والے 51 سالہ روئے جونز جونیئر نے آخری مرتبہ 2018 میں فائٹ کی تھی۔
علاوہ ازیں ٹائیسن سے مقابلے کے لیے روئے جونز جونیئر سے قبل اطلاعات کے مطابق پرانے حریف ایوانڈر ہولی فیلڈ اور نیوزی لینڈ رگبی ٹیم کے عظیم کھلاڑی سونی بل ولیمز نے بھی مقابلے کے لیے اپنا نام دیا تھا۔
مائیک ٹائیسن نے 20 سال کی عمر میں 1986 میں ٹریور بیربیک کو شکست دے کر کم عمر ترین ہیوی ویٹ چمپیئن بننے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ مائیک نے اپنے شان دار کیریئر میں 58 پروفیشنل مقابلوں میں 50 مرتبہ کامیابی سمیٹی اور 2005 میں کیون مک برائیڈ سے شکست کے بعد باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔




