کورونا وبا: 92 فیصد مریض صحتیاب،زیر علاج مریضوں کی تعداد 16261رہ گئی

ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے جس کے باعث صحتیاب مریضوں کی تعداد میں اضافہ جبکہ روزانہ سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد بڑی حد تک کم رہ گئی ہے۔

آج ملک میں مزید 252 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ صرف ایک مریض وبا کے باعث زندگی کی بازی ہارا جس سے 15 اگست کی صبح تک ملک میں مجموعی کیسز 2 لاکھ 88 ہزار 47 جبکہ اموات 6 ہزار 162 ہوگئیں۔

اس کے علاوہ مزید 409 مریض کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ19 سے صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 624 ہوگئی۔

پاکستان میں 26 فروری کو پہلے 2 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث وائرس کا پھیلاؤ نسبتاً سست رہا اور اپریل میں اس میں تیزی آنی شروع ہوگئی۔

تاہم رمضان اور عید کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث مئی اور جون میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے اوپر اموات سامنے آنے لگی۔

جس کے بعد جولائی کے آٖغاز سے یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور اب اگست کے مہینے میں صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے۔

آج (15 اگست) کو سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ یوں ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 210 افراد وبا سے متاثر ہوئے۔

ملک میں کورونا کی صورتحال کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 95 ہزار 203 ہوگئی۔

تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اموات میں اضافہ نہیں ہوا اور صوبے میں انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 180 ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں روزانہ سامنے آنے والے کیسز کی تعداد کم ہو کر 4 تک پہنچ چکی ہے

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 4 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 15 ہزار 346 تک پہنچ گئے۔

شہر میں کووِڈ 19 کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 173 ہے جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اضافہ نہیں ہوا۔

گلگت بلتستان

ملک کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے مزید 26 افراد کو متاثر کردیا اور ایک مریض کی موت ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی متاثرین 2 ہزار452 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ مزید ایک ہلاکت سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 60 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 12نئے مریضوں نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 179 تک پہنچا دیا۔

صحتیاب

ملک میں کورونا وائرس سے 92 فیصد سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 409 رہی۔

جس کے بعد اب تک مجموعی کیسز میں سے 2 لاکھ 88 ہزار 47 مریض شفا پاچکے ہیں۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 288047

اموات: 6162

صحتیاب: 265624

فعال کیسز:16261

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 632 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 95 ہزار 203 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 91 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 144 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 346، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 179 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 452 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2313

پنجاب: 2180

خیبرپختونخوا: 1238

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 173

آزاد کشمیر: 60

گلگت بلتستان: 60